پاکستان کی ترقی کے لئے خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے، وزیر داخلہ

حالیہ بجٹ میں خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کئی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں، خواتین کو کاروبار بڑھانے کے لئے ترجیحی طور پر قرضے دیے جارہے ہیں، شیخ رشید احمد کی اسلام آباد خواتین چیمبرز آف کامرس کے وفد سے گفتگو

جمعرات 17 جون 2021 22:39

پاکستان کی ترقی کے لئے خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے ، موجودہ حکومت انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے ، پاکستان کی ترقی کے لئے خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے، حالیہ بجٹ میں خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کئی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں، خواتین کو کاروبار بڑھانے کے لئے ترجیحی طور پر قرضے دیے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد خواتین چیمبرز آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران خواتین کو دارالحکومت میں کاروباری سہولیات فراہم کرنیکے حوالے سے بات چیت کی گئی اور اسلام آباد میں خواتین کیلئے مختص مارکیٹ بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ خواتین پاکستان کی نصف آبادی ہیں۔

انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے پالیسیاں بنائی ہیں۔ پاکستان کی ترقی کے لئے خواتین کو ملکی معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ حالیہ بجٹ میں خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کئی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو کاروبار بڑھانے کے لئے ترجیحی طور پر قرضے دیے جارہے ہیں۔ دارالحکومت میں خواتین کے لئے کاروباری وسائل بڑھانے کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔

اسلام آباد میں خواتین کے لئے مخصوص مارکیٹ قائم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں کاروباری سٹال کی مالکان صرف خواتین ہوں گی۔ ایسی خواتین کو ترجیح دیں گے جن کے پاس کاروباری وسائل محدود ہیں۔ خواتین چیمبر آف کامرس کو خواتین مارکیٹ میں شراکت داری دیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا اور پاسپورٹ بنانے کے سینٹرز میں خواتین کے لئے علیحدہ ڈیسک بنائیں گے۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے وفد نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کی نمائندگی اسلام آباد خواتین چیمبرز کی صدر ثمینہ فضیل نے کی۔