قاتلوں کی حکومت میں انصاف نہ ملنے کی سمجھ تو آتی تھی،تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف کے دروازے بند کیوں ہیں؟

شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی، قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انصاف کی عدم فراہمی پر سوال اُٹھا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 جون 2021 13:05

قاتلوں کی حکومت میں انصاف نہ ملنے کی سمجھ تو آتی تھی،تحریک انصاف کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2021ء) : پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کی ساتویں برسی کے موقع پر17 جون کو لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا سے اظہار یکجہتی کرنے کے ساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں شہدا کے انصاف کے لیے نکالی جانے والی ریلیوں سے آڈیو لنک پر خطاب بھی کیا۔

دوران خطاب ڈاکٹر طاہر القادری نے موجودہ حکومت میں بھی مظلوموں کو انصاف کی عدم فراہمی پر سوال اُٹھایا اور کہا کہ قاتلوں کی حکومت میں انصاف نہ ملنے کی سمجھ تو آتی تھی لیکن تحریک انصاف کی حکومت میں مظلوموں پر انصاف کے دروازے بند کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان میرے ساتھ مل کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے پریس کانفرنسیں کرتے رہے اور احتجاجوں میں شریک ہوتے رہے، لیکن آج ان کی اپنی حکومت میں مظلوم انصاف کے لیے دربدر پھر رہا ہے اور دھکے کھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں معصوم شہریوں کا قتل کرنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہئیے تھا لیکن وہ آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں، کارکنوں کے خلاف سابق دور حکومت میں درج ہونے والی جھوٹی ایف آئی آرز آج بھی قائم ہیں۔ یہ ظلم آج کیوں ہو رہا ہے؟ انہوں نے لاہور پریس کلب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے لیے بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اپنے عبرت ناک انجام کو جا پہنچے ، نواز شریف کو شاید عمر بھر پلٹ کر اپنے وطن میں قدم رکھنا نصیب نہ ہو اور دوسرے بھائی ملزم کے طور پر ضمانت کی رہائی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں، اشرافیہ نشان عبرت بن گئی۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہاریکجہتی کے لیے عوامی تحریک لاہور اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی کی قیادت خرم نواز گنڈاپور،جواد حامد، سلطان محمود چوہدری و دیگر نے کی۔ یاد رہے کہ 17 جون 2014ء کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکریٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران پی اے ٹی کے کارکنوں نے مزاحمت کی تھی اور ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 90 کے قریب زخمی بھی ہوئے تھے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سات سال گزر جانے کے باوجود آج تک شہدا کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں ۔