بھارت :204دنوں کے دوران 500سے زائدکسانوں کی جانیں چلی گئیں

جمعہ 18 جون 2021 15:35

بھارت :204دنوں کے دوران 500سے زائدکسانوں کی جانیں چلی گئیں
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے آس پاس کسانوں کے جاری احتجاج کے 204 دنوں کے دوران500 سے زائد کسان اپن جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 26نومبر 2020سے رواں برس 17جون تک جمع کیے گئے اعداد وشمارمیں کہا گیا ہے کہ اس دوران 512کسان وفات پا گئے ہیں اور زیادہ تر اموات دل کا دورہ پڑنے ، سردی اور مختلف حادثات کی وجہ سے ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

سائوتھ ایشین وائر کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 18 سے 85 برس کی ہر عمر کے کسانوں کی موت ہو چکی ہے۔ بھارت میں کسان نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف26نومبر2020سے سراپا احتجاج ہیں اور ہزاروں کسان دارالحکومت کے چاروں طرف ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے کہ وہ ان قوانین کو واپس لے جن کی وجہ سے وہ نجی کمپنیوں کے رحم و کرم پر ہوں گے۔شرکا کی تعداد کے حساب سے اس احتجاج کو بھارت میں سب سے بڑا اور طویل احتجاج قرار دیا جارہا ہے۔کسان کسی بھی قیمت پر اس وقت تک احتجاج ختم کرنے کے لئے تیار نہیں جب تک مودی حکومت قوانین منسوخ نہیں کر لیتی۔