رضا ذوالفقار کا بہیمانہ قتل حکومتی نااہلی اور قیام امن کے دعویدار حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے،محمد حسین محنتی

ہفتہ 19 جون 2021 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے علاقہ گرین ٹاؤن کے دیرینہ رکن اور سابق یوسی ناظم ذوالفقار چوہدری کے صاحب زادے رضا ذوالفقار کے بہیمانہ قتل پر ان کی رہائش گاہ عظیم پورہ پہنچ کر واقعے کی مذمت اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ 32 سالہ رضا ذوالفقار کا دن دھاڑے ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے بہیمانہ قتل حکومتی نااہلی اور قیام امن کے دعویدار حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

کراچی تا کشمور سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال، بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں سے لگ رہا ہے کہ عملی طور صوبہ کے عوام کو جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سندھ حکومت گذشتہ تیرہ سالوں سے صوبے میں برسراقتدار ہے لیکن عوام کو بنیادی زندگی کی سہولیات تو دور کی بات اب ان کی جان ومال بھی محفوظ نہیں ہے، صوبے کا دارلخلافہ روشنیوں کا شہر مکمل طور پر اسٹریٹ کرائم اور قاتلوں کے رحم وکرم پر جبکہ باقی ماندہ شہروں اور دیہات پر ڈاکو راج مسلط ہے، سندھ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں اور راشی افسران کرائم پر کنٹرول کرنے کی بجائے سندھ حکومت کی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ حکومت صوبہ میں ڈاکوراج کے خاتمے، امن امان کی بحالی اور مقتول رضا ذوالفقار کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے، جو حکومت اپنے شہریوں کے جان ومال کا تحفظ بھی نہیں کرسکتی اسے عوام کے سرپر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔صوبائی امیر نے مرحوم کی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر نائب امیر ضلع ایئرپورٹ چوہدری اشرف، اطلاعات سیکریٹری مجاہد چنا سمیت قریبی عزیز اقارب بھی موجود تھے۔