اگرعمران خان، پرویز خٹک کے بیان سے خوش ہیں تو اپنی پارٹی منشور میں اس کو شامل کرنے کا اعلان کریں کہ ہم ملک میں مہنگائی کو بڑھائیں گے، صاحبزادہ زبیر

بدھ 23 جون 2021 00:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیرنے کہا ہے کہ اگرعمران خان، پرویز خٹک کے بیان سے خوش ہیں تو اپنی پارٹی منشور میں اس کو شامل کرنے کا اعلان کریں کہ ہم ملک میں مہنگائی کو بڑھائیں گے تاکہ ملک چلے اور ترقی کرے، عوام مہنگائی اور غربت سے تنگ آکر خودکشیاںاوراپنے بچوں کو فروخت کررہے ہیں حکمراں اس پر شرمندگی کی بجائے ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے وزیر دفاع پرویز خٹک کے قومی اسمبلی میں دئیے گئے بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ غربت اپوزیشن کا ڈرامہ ہے اور مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا،مہنگائی نہیں ہوگی تو ملک رک جائے گا،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کایہ بیان ان کی سنگدلی کی انتہا ہے کہ عوام مہنگائی اور غربت سے تنگ آکر خودکشیاںکررہے ہیں اپنے بچوں کو فروخت کررہے ہیں احتجاج اور ہڑتالیں کررہے ہیںاور حکمراں اس پر شرمندگی اور معذرت کرنے کے بجائے اس قسم کے بیانات دے کر ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں اگر غربت اور مہنگائی ختم نہیں کرسکتے تو کم از کم اس قسم کے بیہودہ بیانات دے کرپریشان حال عوام کی دل آزاری تو نہ کریں، انہوں نے کہا کہ عمراں خان کو چاہئے کہ وہ اپنے ارکان کے اس قسم کے بیانات اور اس پر قہقہے لگانے والے اپنے ارکان اسمبلی کا احتساب کریں اور اگر وہ بھی اس بیان سے خوش ہیں تو اپنی پارٹی کے منشور میں اس کو شامل کرنے کا اعلان کریں کہ ہم ملک میں مہنگائی کو بڑھائیں گے تاکہ ملک چلے اور ترقی کرے۔