آئی جی ریلوے عارف نواز خان نے ٹنڈو آدم ٹرین حادثہ کا سخت نوٹس لے لیا

واقع میں ملوث افراد کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا

اتوار 27 جون 2021 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2021ء) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان کی جانب سے ٹنڈو آدم ٹرین حادثہ کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے ٹرین رحمان بابا سے ٹکرانے والے ٹرالر کے ڈرائیور سکندر علی، ٹرالر کے مالک عطا محمد سومرو اور ہائے ٹیک LPG پاورز کمپنی کے مالک حاجی سراج الدین کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں مقدمہ کا اندراج کر لیا گیا ہے۔

آئی جی پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان کی جانب سے ایس پی ریلوے پولیس کراچی نیاز احمد کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ مقدمہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کو جلد ازجلد ممکن بنایا جائے۔اس موقع پر آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ریلوے مسافروں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔