سندھ رینجرز اور پولیس کی کارروائی ،سنگین جرائم میں ملوث 5مطلوب ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ ایمونیشن قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے

منگل 29 جون 2021 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2021ء) پاکستان رینجرز(سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے لیاری میں رانگی واڑہ او ر مولا مدد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب 5 ملزمان سرور بلوچ، فائز عرف فیضی، صہیم عرف فہیم، جمشید اور شیراز کو گرفتار کرلیا۔

ملز مان کے قبضے سے 3 عدد پستول اور متعدد ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان فائز عرف فیضی اور صہیم عرف فہیم نے ملزم سرور بلوچ کے ایما پر لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں واقع بسم اللہ ہوٹل کے مالک محمد حنیف سے بھتہ نہ ملنے پر مورخہ 06 اپریل 2021 کو ہوٹل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہوٹل مالک کا بیٹا امان اللہ اور ایک گاہک موقع پر ہلاک ہو گئے جس کی ایف آئی آر پولیس تھانہ کلری میں درج ہے۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش ملزم سروربلوچ نے اعتراف کیا کہ وہ 2009 سے 2013 تک لیاری گینگ وار سے منسلک رہا اور بھتہ خوری، منشیات فروشی اور گینگ وار کے مسلح مقابلوں میں شامل رہا۔ 2013 میں کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی ملزم اندرونِ سندھ فرار ہو گیا تھا اور 2019 تک روپوش رہا۔ 2019 کے آخر میں دوبارہ لیاری میں رہائش اختیار کی اور مذکورہ بالا ملزمان کے ساتھ مل کر بھتہ خوری اور مسلح ڈکیتی جیسے جرائم میں ملوث رہا۔

گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ ایمونیشن قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔