سوات جلسے سے قبل مریم اورنگزیب کی تفریحی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

مریم اورنگزیب سوات میں زپ لائن کے مزے لیتی رہیں،پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے بھی دلچسپ ردعمل دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 4 جولائی 2021 16:34

سوات جلسے سے قبل  مریم اورنگزیب کی تفریحی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 جولائی 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کی سوات میں تفریحی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔پی ڈی ایم کے سوات میں جلسے سے قبل مریم اورنگزیب کی سوات میں تفریحی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔مریم اورنگزیب کو سوات میں زپ لائن کے مزے لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔مریم اورنگزیب کی ویڈیوپر تحریک انصاف کے رہنماؤں کا بھی ردِعمل سامنے آیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جلسہ کےلئے آئی ہوئی مریم اورنگزیب نےسوات میں خیبر پختونخوا حکومت کی لگائی ہوئی زِپ لائن کوخوب انجوائےکیا۔ہم مہمان نوازوں کی دھرتی اورسیاحوں کی جنت میں خیبرپختونخوا حکومت کی بہترین سہولیات کی فراہمی سے محظوظ سیرسپا ٹوں میں مگن ابو بچاؤ تحریک والوں کےکارکن گراؤنڈ میں منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ امید ہے نون لیگ کی لیڈرشپ سوات میں اچھی تفریحی سہولتوں سے خوب لطف اندوز ہوئی ہو گی، ایک اچھی حکومت کے ثمرات سے ہر شہری فائدہ اٹھاتا ہے چاہے۔ وہ حکومت کا مخالف ہی کیوں نہ ہو، انہوں نے مزید کہا کہمحمود خان لالہ سے کہا ہے ان مہمانوں کا خیال بھی رکھیں لیکن ان پر نظر بھی رکھیں۔

۔واضح رہے کہ  پی ڈی ایم کا (آج)اتوار کو سوات میں جلسہ ہو گا ۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کا وفد پی ڈی ایم جلسے میں شریک ہوگا۔ وفد میں شاہد خاقان عباسی، امیر مقام اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔شہباز شریف بالا کوٹ سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ریلی کا آغاز بالا کوٹ، مالم جبہ سے دوپہر 2 بجے ہو گا ۔ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جلسہ گاہ کے مقام گراسی گرئوانڈ پہنچے گی۔