ٹیوٹا ، ٹینگ چائینز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی لمٹیڈ اور زلمی فائونڈیشن کے مابین سکل سیکٹر میں تعاون کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب

بچوں کو مشترکہ پروگرام کے تحت تربیت کی فراہمی سے مقامی صنعت کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت ملے گی ‘میاںاسلم اقبال قرضوں کی فراہمی کی پالیسی کو مزید آسان بنایاجارہا ہے تاکہ درخواست گزا روں کو ڈیڑھ ماہ کے اندر قرضہ مل سکے‘‘صوبائی وزیر صنعت وتجارت

جمعرات 15 جولائی 2021 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) ٹیوٹا ، ٹینگ چائینز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی لمٹیڈ اور زلمی فائونڈیشن کے مابین آج مقامی ہوٹل میں سکل سیکٹر میں تعاون کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ۔ چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق ،زلمی فائونڈیشن کے محمد اکرم اور ٹینگ چائینز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی لمٹیڈ انٹرنیشنل کے صدر مسٹر لی جین سائنگ نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چین کی کمپنی کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔ مفاہمتی یاداشت کے تحت مختلف ووکیشنل ٹیکنیکل مضامین کیلئے مشترکہ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ اس مقصدکیلئے طلبہ کو 2سال تک پاکستان میں اور ایک سال چین کے اداروں میں فنی تعلیم دلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

طلبہ کی پاکستان اور چین کے اداروں میں رجسٹریشن ہوگی اور انہیں مشترکہ طور پر ہنر سکھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

سی سی ٹی ای ماڈل کے تحت ہنر مند بننے والے ہر بچے کوایک سرٹیفکیٹ پاکستان کے ادارے اور دوسرا سرٹیفکیٹ چین کے ادار ے کی جانب سے ملے گا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں سکل ڈے منایا جارہا ہے اور آج کے اس اہم دن کے موقع پر ٹیوٹا ، چین کی کمپنی ٹینگ اور زلمی فائونڈیشن کے مابین سکل سیکٹر میں طے پانے والا تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے ۔

بچوں کو مشترکہ پروگرام کے تحت تربیت کے فراہمی سے مقامی صنعت کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے بااختیار بنانا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے۔ بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف راغب کرنے کیلئے والدین کی کونسلینگ کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کی استعداد کار بڑھائی گئی ہے اور ٹیوٹا کے اداروں میں شام کی کلاسزشروع کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

بچوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ روزگار کی فراہمی کیلئے بھی ٹیوٹا کو ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے تقریب میں موجود چیئرمین ٹیوٹا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا ترقیاتی فندز کے سوفیصد استعمال کو یقینی بنائے اور دیئے گئے اہداف کے حصول میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 30ارب روپے کی پنجاب روزگار سکیم کے تحت 1کروڑ تک کے آسان قرضے دیئے جارہے ہیں۔

قرضوں کی فراہمی کی پالیسی کو مزید آسان بنایاجارہا ہے تاکہ درخواست گزا روں کو ڈیڑھ ماہ کے اندر قرضہ مل سکے۔فنی تعلیم کے اداروں کو ایک چھتری تلے لانے کیلئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ پنجاب سکلز ٹیسٹنگ اتھارٹی کے قیام کا بل جلد اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں سکل ڈویلپمنٹ ٹیکنالوجی پارک بنایا جائے گا۔

ٹیوٹا کے تمام کورسسز سی بی ٹی اے پر منتقل کیے جارہے ہیںاور 140اداروں میں یہ عمل شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اڈاپٹ اے چائلڈ پالیسی‘‘بھی لارہے ہیں ۔ صوبے بھر میں سکل میپنگ کا پروگرام جاری ہے اور اس کی پہلی رپورٹ ستمبر میں آئے گی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال اور چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے پہلی ٹیوٹا ایلومینائی کا بھی افتتاح کیا۔ اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ وطالبات میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔