اوپن یونیورسٹی: امتحانی مشقیں ایل ایم ایس پورٹل پر آن لائن جمع کرانا لازمی قرار

طلبہ و طالبات کو لاگ اِن ہونے کے لئی صارف نام او ر پاس ورڈ بذریعہ ایس ایم ایس بھیج دئیے گئے ہیں

جمعہ 16 جولائی 2021 15:21

اوپن یونیورسٹی: امتحانی مشقیں ایل ایم ایس پورٹل پر آن لائن جمع کرانا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا عمل مکمل کرلیا ہے ، ہوم اسائنمنٹس جمع کرانے کا طریقہ کار مینوئل سے آٹومیشن پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مشقیں ایل ایم ایس پورٹل پر آن لائن جمع کرانا لازمی قراردے دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2021ء کے اے ڈی ای ، بی ایڈ اور بی ایس پروگراموں کی اسائنمنٹس جمع کرانے کا شیڈول جاری کردیاہے،اِن پروگرامز میں رجسٹرڈ طلبہ اب یونیورسٹی کی ویب سائٹ aaghi.aiou.edu.pkپرلاگ اِن ہوکر اپنی مشقیں آن لائن جمع کرائیں گے۔

ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ،ْ کلیم اقبال صدیقی کے مطابق سمسٹربہار2021ء کے اِن پروگراموں میں داخل طلبہ و طالبات کوصارف نام اور پاس ورڈ بذریعہ ایس ایم ایس بھیج دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ صارف نام اور پاس ورڈ ویسے درج کریں جیسے انہیں میسج میں ملے ہیں ،ْ یعنی جہاں لفظ کیپٹل ہے ،ْ کیپٹل ہی درج کریں۔لاگ اِن ہونے کے بعد سٹوڈنٹ کوئیک مینول پر کلک کرکے پی ڈی ایف فائل ڈائون لوڈ کرلیں جس میں مشقیں جمع کرانے کا طریقہ ترتیب واردرج ہے۔

یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردہ شیڈول کے مطابق بی ایڈ اور اے ڈی ای کی پہلی اسائنمنٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 22۔اگست جبکہ دوسری مشق جمع کرانے کی آخری تاریخ 10۔اکتوبر 2021ء ہے۔اسی طرح بی ایس پروگراموں کی پہلی مشق جمع کرانے کی آخری تاریخ 15۔اگست جبکہ دوسری مشق جمع کرانے کے آخری تاریخ3۔اکتوبر 2021ء مقرر کی گئی ہے۔