لاہور شہر میں ایک اور روٹ پر ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ

محکمہ سیاحت پنجاب کی جانب سے پیکجز مال سے واہگہ اور گریٹر اقبال پارک کیلئے 2 ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 جولائی 2021 21:36

لاہور شہر میں ایک اور روٹ پر ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی2021ء) لاہور شہر میں ایک اور روٹ پر ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سیاحت پنجاب نے لاہور شہر میں پیکجز مال سے مقامی سیاحوں کے لیے دو ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں بسیں پیکجز مال سے واہگہ اور گریٹر اقبال پارک کے لیئے چلائی جائیں گی اس سلسلے میں محکمہ ٹورازم نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

دوسری جانب لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی میٹرو بس ٹریک پر ستمبر 2021ء سے 50 نئی بسیں چلائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنی کی تیار کردہ ان بسوں کی کھیپ 22 جولائی تک کراچی پورٹ پر پہنچ جائے گی، جبکہ اگست کے وسط میں یہ بسیں لاہور پہنچا دی جائیں گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہ کہ مذکورہ کمپنی کی ایک بس لاہور پہنچ چکی ہے جسے متعلقہ بس ڈپو میں کھڑا کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عثمان بزدار کی پنجاب حکومت لاہور میٹرو بس منصوبے کی تباہ حالی کی وجہ سے مسلسل شدید تنقید کی زد میں ہے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس نے لاہور میٹرو بس منصوبہ تباہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میٹرو بس ٹریک پر چلنے والی بسوں کی تعداد 60 میں سے 43 رہ گئی ہے۔ کئی میٹرو بسیں مستقل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں جن کی مرمت کرنے کی بجائے انہیں کھڑا کر دیا گیا ہے۔

جبکہ شدید گرمی کے موسم میں بسوں کے اے سی بھی کام کرنا چھوڑ گئے ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کی بسوں میں سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا۔ پنجاب حکومت نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک نئی کمپنی کو لاہور میٹرو کا آپریشنل ٹھیکہ دیا تھا، تاہم کمپنی میٹرو بس کی حالت میں بہتری نہیں لا سکی۔ اس تمام صورتحال میں پنجاب حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لاہور کے سب سے پہلے ماس ٹرانزٹ منصوبے میٹرو بس کی سروسز مزید بہتر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

بتایا گیا ہےکہ لاہور میٹرو بس آپریٹ کرنے کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نئی بسیں آپریٹ کرے گی۔ ملک کے سب سے پہلے جدید ماس ٹرانزٹ منصوبے لاہور میٹرو بس کیلئے 10 سال بعد نئی بسیں حاصل کر لی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت کے حکام کے مطابق اگلے چند ماہ کے دوران لاہور میٹرو بس سے متعلق تمام مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔