پاکستان تحریک انصاف کا پیپلزپارٹی مخالف ’سندھ پلان‘ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا

وزیراعظم عمران خان اگست سے سندھ میں سیاسی جلسے کریں گے، عید کے بعد پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس بلالیا ، کرپشن میں ملوث یا سیاسی آلہ کاربننے والے بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 جولائی 2021 15:39

پاکستان تحریک انصاف کا پیپلزپارٹی مخالف ’سندھ پلان‘ حتمی مراحل میں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جولائی 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے اگست سے سندھ میں سیاسی جلسے کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اندرون سندھ ہونے والے ان جلسوں میں بڑی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی مخالف سیاسی قوتوں سے ملاقاتیں اور انہیں اپنے ساتھ ملانا بھی پاکستان تحریک انصاف کے سندھ پلان کا حصہ ہوگا جس کے لیے وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے حوالے سے عید کے بعد پارٹی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس بلایا ہے جس میں سندھ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی، اس اجلاس میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے نام بھی فائنل ہوں گے۔

زرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وفاق کے منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹوں پر اہم فیصلے بھی عید کے بعد ہوں گے اس کے علاوہ کرپشن میں ملوث یا سیاسی آلہ کاربننے والے صوبائی بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے ارباب غلام رحیم کو اہم عہدہ دئے جانے کا امکان ہے ، میڈیا رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف نے سندھ کی حکومتی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ٹھوس حکمت عملی تیار کرلی ، جس کے تحت وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعلٰی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو سندھ میں گورنر بنانے کی تیاری شروع کر دی جب کہ عیدالاضحٰی کے بعد سندھ میں اہم سیاسی اکھاڑ پچھاڑ ہونے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر رابطوں کا آغاز بھی کر دیا ، پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے جائیں گے جب کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی اسلام آباد میں اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، سابق وزیراعلیٰ سندھ جوڑ توڑ کے سیاسی ماہر سمجھے جاتے ہیں، اس سارے معاملے میں وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔