لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری

جھتیں گرنے سے ایک بچی جاں بحق، پانچ زخمی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، برساتی نالے بپھر گئے،موسلادھاربارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر رہا ،گھنٹوں بجلی بند رہی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ،متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں،لاہور میں سب سے زیادہ بارش تالاب والا میں97ملین میٹرریکارڈ کی گئی

منگل 20 جولائی 2021 21:58

لاہور/میانوالی/سانگلہ ہل/فیصل آباد/جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تیز بارش سے ندی نالے بھی بپھر گئے، چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، موسلادھاربارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر رہا اور کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی،خراب موسم کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے،لاہور،فیصل آباد، نارووال، جھنگ، چنیوٹ میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے،چناب نگر، سانگلہ ہل ، پنڈی بھٹیاں میں جھل تھل ایک ہوگیا اور کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

(جاری ہے)

عیسی خیل میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی جس سے برساتی نالہ بھپر گیا۔

طغیانی سے متعدد شہروں کے راستے بند ہوگئے اورسیکڑوں ایکڑ پر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پنڈدادن خان میں مسلسل موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بپھر گئے۔ طغیانی کے باعث غریب وال روال روڈ کئی جگہوں سے بہہ گئی، مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔میانوالی میں بارش سے چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر بچی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

لاہورمیںموہلنوال کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث 300 سے زائد فیڈرٹرپ کر گئے، فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے گھنٹوں محروم رہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب والامیں 97 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹائون میں 68، جوہر ٹائون میں 56، فر خ آباد میں 54، پنجاب یونیورسٹی 50، لکشمی چوک میں 48، چوک ناخدا میں 40، گلبرگ میں 23 ملی میٹر اور ایئرپورٹ میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔