قانون کی بالادستی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،مطہر نیاز رانا

عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے قوانین پر عمل درآمد کیلئے تمام وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا،چیف سیکرٹری بلوچستان

منگل 20 جولائی 2021 23:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے، عوام کو سیکیورٹی کی فراہمی، سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز حافظ عبد الماجد، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی- چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے قوانین پر عمل درآمد کیلئے تمام وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا۔صوبے میں امن واما ن کی صورت حال کو بر قرار رکھنے کیلئے موجودہ حکومت موثر اقدامات اٴْٹھا رہی ہی- انہوں نے سی پیک اور دیگر منصوبوں کیلیے خدمات دینے والے نجی اداروں کے چینی باشندوں کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو آپس میں مربوط روابط قائم کرنے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ہمارے معاشرے کااہم حصہ ہے جن کو صوبے میں مکمل آزادی اور یکساں حقوق حاصل ہے اقلیتی برادری کی سیکیورٹی کی بہترین انتظامات کی فراہمی اور ان کے عبادت گاہوں کو فل پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ صوبے میں کسی کو بھی افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا ئیگی۔ انہوں نے آنے والے آزاد کشمیر الیکشن کیلیے انتظامات کی تیاری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کیونکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں آزاد کشمیر کے تقریباً سولہ سو(1600) ووٹرز موجود ہیں۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آفیسران و اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔