پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز متحدہ عرب امارات سے سری لنکا منتقل

سیریز کیلئے افغان ٹیم کا اعلان ہوچکا ، متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے انعقاد کے باعث سیریز اب ہمبنٹوٹا میں کھیلی جائے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 جولائی 2021 15:48

پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز متحدہ عرب ..
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جولائی 2021ء ) پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز کیلئے افغان ٹیم کا اعلان ہوگیا، سیریز کا وینیو بھی تبدیل کر دیا گیا، متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے انعقاد کے باعث سیریز سری لنکا میں کھیلی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

افغان ٹیم کی قیادت حشمت اللہ شاہدی کریں گے۔ 17 رکنی ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اٹل، رحمت شاہ اور نجیب زدران شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں اکرام علی خیل، شاہد کمال، محمد نبی، کریم جنت، عظمت عمر زئی، راشد خان اور عبدالرحمان بھی ٹیم کا حصہ ہیں جب کہ نوین الحق، مجیب الرحمن، فضل الحق فاروقی اور نور احمد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیریز کے لیے 4 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا انعقاد شارجہ میں ہونا ہے تاہم آئی پی ایل کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کی وجہ سے افغان کرکٹ بورڈ نے سیریز کا وینیو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا میں سیریز کے انعقاد کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور اب میچز ہمبنٹوٹا سٹیڈیم،سری لنکا میں کھیلے جائیں گے ۔ یہاں واضح رہے کہ یہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلی جانے والی پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز ہو گی۔