موجودہ حکومت نے میرٹ کی پامالی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے‘گڈزٹرانسپورٹرز

ہوشربامہنگائی نے ہرطرف صف ماتم بچھادی ہے ،مہنگائی کابوجھ عوام کی قوت برداشت سے باہر ہو چکا ہے

اتوار 25 جولائی 2021 12:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنمامحمداویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجود ہ حکومت نے میرٹ کی پامالی کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ہوشربامہنگائی نے ہرطرف صف ماتم بچھادی ہے مہنگائی کابوجھ عوام کی قوت برداشت سے باہر ہے،کورونا کی چوتھی لہر سے کوئی مرے یانہ مرے لیکن بھوک کے بارود سے غریب عوام مارے جائیں گے۔

ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی کے رہنما ئو ں محمد اظہرقادری،حاجی الیاس بابر،حاجی ناظم الدین بردی،حاجی محمد اظہر سراج و د یگر سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ضروریات زندگی کی اشیا ء کو عوام کی پہنچ سے دور کر دیا ہے جس سے ملک کے غریب اذیت میں مبتلاہیں،عمران نیازی کی نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ادارے غیر فعال اور جمود کا شکار ہیں ،ترقی کی راہیں محدود ہوچکی ہیں اورعوام دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ،کاروبار تباہ ہو نے کے باعث کاروباری طبقہ سخت پر یشان ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ قومی شاہراہیں جو ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ان کو موجودہ حکومت نے اوور لوڈر ما فیا کے سپر د کیا ہو ا ہے ،اعلی عدلیہ نے ملکی مفاد میں اوور لوڈنگ کے خاتمے اور ایکسل لوڈ لمٹ قانون پر مکمل عملدرآمد کروانے کا آرڈر جاری کیا ہو ا ہے جس پر عمل نہ کرا کے ادارے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں جس کااعلی عد لیہ کو نو ٹس لینا چاہیے۔