آزاد کشمیر الیکشن ، پریزائیڈنگ آفیسر اور سکول پرنسپل بجلی بندش پر آپس میں لڑپڑے

گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور اسکول پرنسپل کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی، پولنگ عملے نے کام سے انکار کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 13:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء) آزاد کشمیر الیکشن میں پریزائیڈنگ آفیسر اور سکول پرنسپل بجلی بندش پر آپس میں لڑپڑے، پولنگ عملے نے کام سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور اسکول پرنسپل کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی جس پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات کی ووٹنگ کے دوران پشاور میں قائم پولنگ اسٹیشن کے عملے نے کام سے انکار کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ پشاور میں بھی حلقہ ایل اے 39 جموں 6 پر پولنگ کے لیے گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا جہاں گورنمنٹ شہید حسنین علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں پریزائیڈنگ افسر اور اسکول پرنسپل کے درمیان بجلی کی بندش پر ہاتھا پائی ہو گئی ، پریزائیڈنگ افسر نے بجلی بند ہونے کی شکایت کی تو اسکول پرنسپل پریزائیڈنگ افسر کی شکایت پر ناراض ہوگئے اور دونوں میں تلخ کلامی شروع ہوگئی جو ہاتھاپائی تک جا پہنچی جس پر پریزائیڈنگ افسر اور پولنگ عملے نے اسکول پرنسپل کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا جس کے باعث حلقہ ایل اے 39 جموں 6 پر پولنگ کا عمل رک گیا جس پر پولیس نے پولنگ عملے اور اسکول پرنسپل کے درمیان صلح کروا دی اور پولنگ کاعمل دوبارہ شروع ہو گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہوگئی، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، الیکشن میں 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی ، آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر آج انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کے لیے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے جہاں آزاد کشمیر کی قانون سازاسمبلی کی 45 نشستوں پر 724 امیدوار مدمقابل ہیں ، اس سلسلے میں 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں ہی پولنگ ہوگی جب کہ دیگر 12 نشستوں پر مہاجرین کے کوٹے پر پاکستان کے دیگر صوبوں میں مقیم کشمیری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔