Live Updates

آزاد کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کی جیت، اپوزیشن کا دھاندلی کا الزام

DW ڈی ڈبلیو پیر 26 جولائی 2021 12:00

آزاد کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کی جیت، اپوزیشن کا دھاندلی کا الزام

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 26 جولائی 2021ء) پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف پارٹی آزاد جموں وکشمیر میں حکومت بنانے جارہی ہے۔ قانون ساز اسمبلی کی 45 جنرل نشستوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 25 حلقوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اپوزیشن پاکستان پیپلز پارٹی کو گیارہ سیٹوں پر اور مسلم لیگ نون کو چھ سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔

مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کوایک ایک نشست ملی۔

بلاول بھٹو کا الزام

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی میں ناکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پیپلزپارٹی گیارہ نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، بہترین جدوجہد کرنے والی پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر پر فخر ہے۔

انتخابی نتائج تسلیم نہیں کروں گی، مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتخابی نتائج تسلیم نہیں کیے اور نہ ہی وہ نتائج تسلیم کریں گی۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا”میں نے تو 2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے نہ اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔ اس بے شرم دھاندلی پر کیا لائحہ عمل ہوگا، جماعت اس کا جلد فیصلہ کرے گی۔"

پی ٹی آئی کے کارکنوں کا جشن

آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی واضح برتری حاصل کرلینے کے بعد سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں اس وقت ہیش ٹیگ 'کشمیر الیکشن 2021‘ سرفہرست ہے، اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے جہاں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے کارکنان اپنی شکست پر شدید غصے کا اظہار کررہے ہیں تو وہیں پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے جیت کا جشن منایا جا رہا ہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات