مشائخ وعلماء دیانتدار قیادت کو آگے لانے مین اپنا اہم رول ادا کریں گے،خواجہ نظام الدین محبوب کوریجہ

منگل 27 جولائی 2021 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) علماء و مشائخ رابطہ کونسل پاکستان کے چیئرمین اور سجادہ نشین کوٹ مٹھن شریف معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا ہے کہ مشائخ وعلماء ایماندار ودیانتدار قیادت کو آگے لانے مین اپنا اہم رول ادا کریں گے۔ ملکی حالات اسوقت خراب ہیں اور عالمی طاقتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں تاکہ وہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچا سکیں حالیہ دھماکے بھی اسکی ایک کڑی ہیں، پاکستان اسوقت آپس میں لڑنے یا بٹنے کا بالکل متحمل نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت کندھ کوٹ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا،جس میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور شہرکے معززین بھی شریک تھے ۔انہوں نے مزید کہاکہ میرا یہ پختہ ایمان ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں اسلام کا عادلانہ نظام صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے اسلئے کہ ایماندار ودیانتدار اور مخلص قیادت وکارکن جماعت اسلامی کے پاس ہیں،دیگرتمام پارٹیاں عوام کے مفادات کی بجائے ذاتی مفادات اور عالمی استعماری قوتوں کے مفادات کا تحفظ کرتی رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس وقت خصوصاً سرزمین سندھ کی جس میں پیپلزپارٹی نے عوام کے نام پر عوام سے دھوکا کیاآنے والا وقت عوام کو اپنی مستقبل سنوارنے کیلئے ایماندار اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔جماعت اسلامی کی قیادت کو چاہئے کہ اپنی تمام تر توجہ کا مرکز ومحور انتخابات کو بنائے تاکہ آنے والے بلدیاتی اور عام انتخابات میں بہتر نتائج کا حصول ممکن ہوسکے۔

اس وقت ہمیں ضرورت ہے آپس میں اتفاق اور بھائی چارے سے رہنے اور ہرچیز کو بالائے طاق رکھنے کی اور عالمی طاقتیں ہمیں فرقہ واریت میں ڈالکر لڑوانا چاہتی ہے جو کہ ہم نے ہرگز ہرگز نہیں کرنا ہے اور دین اسلام اور آپؐ کی سیرت مبارکہ بھی ہمیں اسی بات کا درس دیتی ہے کہ ہم امن بھائی چارے اورایکدوسرے کے حقوق کا خیال رکھ کر زندگی گزاریں کسی کو تکلیف نہ پہنچائیں اور ہم نے عالمی طاقتوں کو ملکر ناکام بنانا ہے۔

علماء ومشائخ سندھ کونسل کے صدرحافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ سندھ کا عوام وڈیروں اور جاگیرداروں کے پاس گروی ہے ،ہمارا استحصال سندھ کا جاگیردار کررہا ہے اسلئے عوام اپنی طاقت کو پہچانتے ہوئے اپنے مستقبل کو سنوارنے کیلئے استعمال کریں ۔پیپلزپارٹی نے بار بار سندھ کے عوام کے ووٹوں سے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر ذاتی مفادات کی نگہبانی اور مالی فوائد سمیٹے جبکہ سندھ کے لوگ آج بھی تعلیم، صحت، روزگار اور صاف پانی سمیت تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،جماعت اسلامی اورعلماء ومشائخ تحاد ویکجہتی اور بہترین منصوبابندی کے ساتھ جاگیرداروں،وڈیروں اور کرپٹ مافیا سے عوام کو چھٹکارہ دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ آنے والے انتخابات میں بہتر نتائج حاصل کرکے ملک کا تحفظ اور عوامی مسائل کو حل کیا جاسکے۔

تقریب سے نائب امیر صوبہ پروفیسر نظام الدین میمن اور امیر ضلع آغا عبدالفتاح پٹھان نے بھی خطاب کیا۔ #