اپوزیشن احتجاج کی دھمکیوں سے وزیر اعظم عمران خان کو دبا ئو میں نہیں لاسکتی ‘ چوہدری سرور

سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے‘ گورنر پنجاب سے صوبائی وزیر آصف نکئی کی ملاقات

بدھ 28 جولائی 2021 18:02

اپوزیشن احتجاج کی دھمکیوں سے وزیر اعظم عمران خان کو دبا ئو میں نہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کی دھمکیوں سے وزیر اعظم عمران خان کو دبا ئو میں نہیں لاسکتی ،تحر یک انصاف سیاسی مخالفین کا ہر محاذ پر بھر پور مقابلہ کر ے گی ،اپوزیشن اگر انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں سنجیدہ ہے تو وہ حکومت کی دعوت پر انتخابی اصلاحات پر بات کیوں نہیں کرتی ،ہم ایسا شفاف انتخابی عمل چاہتے ہیں جس پر ہارنے والا بھی انگلی نہ اٹھاسکے ،سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے۔

وہ گور نر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیرسردار آصف نکئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ گور نر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف تحر یک چلانے کی دھمکیوں سے ہم خوفزدہ ہونیوالے نہیں اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ میں نہ مانوں کی سیاست کر نے کی بجائے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر لے کیونکہ عوام نے اپوزیشن نہیں پاکستان تحر یک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ وفاقی درالحکومت میں احتجاج یا دھر نے کی دھمکیوں سے حکومت کو خوفزدہ کرلے گی تو ایسا کسی صورت نہیں ہوگا ۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ عمران خان پہلے کبھی کسی دبائو میں آئے ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے تحر یک انصاف کو پانچ سال حکومت کر نے کا مینڈ یٹ دیا ہے اس لیے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر 2023میں ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حکومتی فیصلہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانا ہے مگر اپوزیشن اس معاملے پر بھی ضد اور انا کی سیاست کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ا لیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کر کے اپوزیشن دھاندلی کی حمایت کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن شفاف انتخابی عمل چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات پر بات کر ے ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھاسکے اس لیے اپوزیشن کو بھی اپنا رویہ اور پالیسی تبدیل کرکے انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں سخت فیصلے کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں یکساں ترقی کے منصوبے شروع ہیں اور ہر شعبے میں پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت اورتعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔