داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر درخواستگزار کے وکیل سے نیب ریفرنس کا حوالہ طلب

جمعرات 29 جولائی 2021 16:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر درخواستگزار کے وکیل سے نیب ریفرنس کا حوالہ طلب کرلیا۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو داد انجیئرنگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیخلاف محمد معظم بلوچ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کرپشن میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

نیب پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کیخلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ نیب ذدہ شخص کو وائس چانسلر نہیں لگایا جا سکتا۔متعلقہ حکام کو ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کو وی سی لگانے سے روکا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کیا پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم کیخلاف کوئی ریفرنس دائر ہی درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نیب ریفرنس سے متعلق نیب کی پریس ریلیز موجود ہے۔

جسٹس شفیع محمد صدیقی نے ریمارکس دیئے عدالت پریس ریلیز یا اخباری خبر پر کارروائی نہیں کرے گی۔ ریفرنس کا مصدقہ حوالے دیں تو کارروائی آگے بڑھائیں گے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے درخواستگزار کے وکیل سے نیب ریفرنس کا حوالہ طلب کرلیا۔