آزاد کشمیر کا الیکشن مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

عمران خان نے ذاتی طور پر آزاد کشمیر کے الیکشن میں مداخلت کی۔ مسلم لیگ ن کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 30 جولائی 2021 12:31

آزاد کشمیر کا الیکشن مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کا احتجاجی تحریک چلانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جولائی 2021ء) : آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن نے حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کھانے کے بعد پاکستان بھر سمیت بیرون ملک بھی احتجاجی تحریک چلائے گی۔مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر الیکشن نتائج سے متعلق اجلاس اختتام پذیر ہوا تو اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن 25 جولائی کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے، ن لیگ آزادکشمیر پاکستان بھر اور بیرون ملک بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔ مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں عمران خان نے ذاتی طور پر مداخلت کی۔ وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کی کھلی مداخلت کی بنا پر انتخابی نتائج کومسترد کرتے ہیں، ان نتائج سے قومی و بین الاقوامی طور پر مسئلہ کشمیرکمزور اور پاکستان کے موقف کو نقصان پہنچا، کھلی دھاندلی کے خلاف قوت سے تحریک چلائی جائیگی۔

(جاری ہے)

تحریک مرحلہ وار، حلقہ جات پاکستان اور تارکین وطن کشمیریوں تک پھیلائی جائے گی۔ مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا کہ دھاندلی کے ثبوت میڈیا پر لانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔اجلاس میں قرارداد بھی منظور کی گئی، قرار داد کے مطابق دھاندلی کے خلاف عوام کے تعاون سے قومی اوربین الاقوامی سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی، مسلم لیگ ن کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کی ناقص کارکردگی اور انتظامی کمزوری کی بھرپور مذمت بھی کی گئی۔

مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں مینڈیٹ چوری کیا گیا ، اس پر کسی طور بھی چُپ نہیں بیٹھیں گے۔ زادکشمیر کی قیادت کے ساتھ ملکر لائحہ عمل طے کرینگے، جن لوگوں نے جماعتی ٹکٹ ہولڈرز کی خلاف ورزی کی، انہیں کسی صورت واپس نہیں لیں گے۔