کرونا وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا اپنی تمام اکیڈمیز اور ثقافتی سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا فیصلہ

کرونا کی تشویشناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمام اکیڈمیز اور ثقافتی سرگرمیاں بند کر رہے ہیں ، حالات ساز گار ہوتے ہی کلاسز اور تقریبات کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا جائے گا ، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

جمعہ 30 جولائی 2021 17:58

کرونا وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وبا ان دنوں شدت اختیار کر رہی ہے ، صورتحال تشویشناک ہونے کے باعث آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے فیصلہ کیا ہے کہ حالات ساز گار ہونے تک مختلف ثقافتی سرگرمیاں ،تقریبات اور آرٹس کونسل کی تمام اکیڈمیز کی کلاسز بند کی جارہی ہیں، جن میں میوزک اکیڈمی،ڈانس اکیڈمی،تھیٹر اکیڈمی اور آرٹس کونسل انسیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس شامل ہیں ،

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ کلاسز کھولنے کا دوبارہ اعلان حکومت سندھ کے اسکول کھولنے کے فیصلے سے مشروط ہے،انہوں نے کہا کہ کرونا کے کیسز کی شرح میں جس طرح اضافہ ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ کلاسز اور ثقافتی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

کیونکہ آرٹس کونسل نے ہمیشہ شہریوں کی صحت کو ترجیح دی ہے ، اس ضمن میں آرٹس کونسل کراچی میں گزشتہ 5ماہ سے قائم ویکسی نیشن سینٹر سے ممبران آرٹس کونسل سمیت ان کے اہلِ خانہ ،ادیب ،شاعر اور فنکار برادری کی بڑی تعداد کرونا سے بچاو¿ کا ٹیکہ لگواچکے ہیں ،آرٹس کونسل کراچی میں ویکسین لگانے کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔