وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو 24/7 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم

متعلقہ محکمے او رادارے ہنگامی پلان تیار رکھیں،اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کو ہرممکن وسائل فراہم کرنیکا اصولی فیصلہ

جمعہ 30 جولائی 2021 18:44

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو 24/7 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے شہروں کی انتظامیہ کو ہرممکن وسائل فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور کی طرز پر فیصل آباداور دیگر بڑے شہروں میں بھی انڈرگرائونڈ واٹر ٹینکس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر ز واسا حکام کے ساتھ مل کر انڈر گرائونڈ واٹر ٹینکس بنانے کا پلان تیار کریں۔ نکاسی آب کیلئے وضع کردہ پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بارشی پانی کا مقرر کردہ وقت کے اندر نکاس ضروری ہے۔

نکاسی آب کو تعین شدہ وقت میں یقینی نہ بنانے پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام سے بازپرس ہوگی۔بارش کے باعث شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئے سیوریج سسٹم کی پلاننگ کیلئے آبادی اور شہری ضروریات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں متعلقہ محکمے او رادارے اپنا ہنگامی پلان بھی تیار رکھیں۔

سیالکوٹ کے برساتی نالوں میں پانی کے بہائو کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز حفاظتی بند و پشتوں کے دورے کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خوشاب کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔اجلاس میں خوشاب کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈیم بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کوہ سلیمان کے علاقے سوڑا میں ڈیم کے منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔سوڑا ڈیم بننے سے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کیا جا سکے گا اور علاقے کے لوگو ںکو کاشتکاری کیلئے بھی پانی میسر ہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدا رکی کوہ سلیمان کے علاقے میں مزید 4 ڈیم تعمیر کرنے کی سٹڈی کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دریائوں میںپانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔میانوالی کے گائوں میں متاثرہ افراد کو خوراک اور امداد مہیا کی جا رہی ہے۔صوبہ بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 180 فلڈ کیمپ قائم کئے جا چکے ہیں اور جدید ترین ریڈار سسٹم مشینری ریسکیو ٹیم 1122 کے سپرد کردی گئی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہائو 98 ہزار کیوسک ہے۔

چنیوٹ پر دریائے چناب میں پانی کا بہائو ایک لاکھ 40 ہزار کیوسک ہے۔خانکی، بلوکی، تریموں، پنجند اور اسلام بیراج کی آبی گنجائش میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔ ۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری آبپاشی نے موسم کی صورتحال، دریائوں میں پانی کے بہائو اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، میاں خالد محمود، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ایم ڈی واساز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔