سرحد چیمبر کا وفاقی حکومت کی جانب سے کیش ان کنٹرول سہولت میں 2 ماہ سے زائد توسیع دینے کے فیصلے کا خیر مقدم

اس اقدام سے پاکستان مصنوعات کی وسطی ایشیاء ممالک کو ایکسپورٹ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت مستحکم ہوگی ،،شیربازبلور

جمعہ 30 جولائی 2021 21:40

سرحد چیمبر کا وفاقی حکومت کی جانب سے کیش ان کنٹرول سہولت میں 2 ماہ سے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے وفاقی حکومت ،ْوزارت تجارت اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کیش ان کنٹرول سہولت میں 2 ماہ سے زائد توسیع دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان مصنوعات کی وسطی ایشیاء ممالک کو ایکسپورٹ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت مستحکم ہوگی اوربالخصوص تاجروں اور ایکسپورٹرز کی مشکلات کا بھی ازالہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز تاجروں ،ْصنعت کاروں ،ْ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی اور نائب صدر جنید الطاف اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ان تھک محنت ،ْکوششوں اورکاوشوں کے نتیجہ میں وفاقی حکومت اور وفاقی وزارت تجارت کی روشنی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان مستند ڈیلرز کے ذریعی(کیش ان کنٹرول سہولت) پر کرنسی تبدیل کرکے وسطی ایشیاء کی ریاستوں کو ایکسپورٹ کو 15 اکتوبر 2021ء تک توسیع دی ہے جس کے بعد صرف بنکوں کے ذریعے ہی ایکسپورٹ کے لئے رقم جمع کروائی جائے گی اس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کیا ۔

اجلاس کے شرکاء نے حکومتی فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے وسطی ایشیاء کی ریاستوں کو پاکستانی ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ہوگا اور ایکسپورٹرز کی مشکلات کا بھی فوری ازالہ ہوسکے گا ۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ افغانستان سمیت وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت اور ایکسپورٹ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے ذریعے ملک کی معیشت مزید مستحکم ہوگی اور تجارت و کاروبار کے ذریعے بے شمار روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سرحد چیمبر نے حکومت کو وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لئے ایک تحریری مسودہ پیش کیا جس پر عملدرآمد کرکے وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ ایکسپورٹ میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے وفد کا وزیراعظم پاکستان کے دورہ ازبکستان کے موقع پر ازبکستان چیمبر کے ساتھ مختلف معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد چیمبر اور ازبکستان چیمبر کے مابین باہمی تجارتی روابط کو استوار کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔شیر باز بلور نے وزیراعظم پاکستان وسطی ایشیاء ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے جو معاہدہ کئے ہیں اس سے علاقائی تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں اور اس سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔