آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ نے کورونا کی چوتھی لہر میں حکومت سندھ کی جانب سے لگائے جانے والے لاک ڈائون کی حمایت کردی

مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرنے پرتے ہیں۔ اس وقت سب سے زیادہ اہم عوام کی تاجروں اور ورکروں کی جان کی حفاظت ہے، حماد پونا والا مارکیٹوں میں ویکسی نیشن کی اجازت دی جائے، سڑکوں پر حکومت کی جانب سے کیمپ لگائے جائیں، ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے، بجلی کے بلوں کو معاف کیا جائے

جمعہ 30 جولائی 2021 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ نے کورونا کی چوتھی لہر میں حکومت سندھ کی جانب سے لگائے جانے والے لاک ڈائون کی حمایت کردی۔ صدر حماد پونا والا نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرنے پرتے ہیں۔ اس وقت سب سے زیادہ اہم عوام کی تاجروں اور ورکروں کی جان کی حفاظت ہے۔ اس وقت کرونا وائرس کے باعث ہم حالت جنگ میں ہیں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے ہر وقت تعاون کرتے آئے ہیں آگے بھی تعاون جاری رہے گا ۔کرونا کی چوتھی لہر انتہائی خطرناک ہے احتیاط اور ویکسینیشن ہی واحد علاج ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ روڈوں پر جگہ جگہ ویکسینیشن کیمپ لگائیں جائیں۔ جنہوں نے ابھی تک ویکسینیشن نہیں کروائی انکو ویکسین لگائی جائے۔

(جاری ہے)

تاجر برادری کی جانب سے مختلف مارکیٹوں میں ویکسینیشن کیمپ لگائے جارہے ہیں۔

اگر مکمل لاک ڈائون کیا جارہا ہے تو مارکیٹوں میں ویکسینیشن کی اجازت دی جائے۔ اس لاک ڈائون میں تاجروں کو تمام ٹیکس سے استثنی دیا جائے ریلیف دیا جائے۔ وفاقی حکومت سے اپیل ہے کہ کے الیکٹرک کے بلوں کو معاف کیا جائے۔ اگر سندھ حکومت کو ویکسینیشن کروانے کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں تو پرائیوٹ سیکٹرز کو اجازت دی جائے ہم خود ویکسین منگوا کر اپنے عملے سے فری میں عوام کو لگوائیں گے۔ اسطرح 8 دنوں میں پورے صوبے کو ویکسینیٹ کیا جاسکے ۔