آئندہ چند ماہ کے اندر جو بھی پرانے بلدیات کے مسائل رکے ہوئے ہیں انکو جلد از جلد حل کریں گے،وزیر بلدیات میاں محمود الرشید

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر پیر 2 اگست 2021 11:53

آئندہ چند ماہ کے اندر جو بھی پرانے بلدیات کے مسائل رکے ہوئے ہیں انکو ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2021ء) وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا ہے حکومت پنجاب عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور آئندہ چند ماہ کے اندر جو بھی پرانے بلدیات کے مسائل رکے ہوئے ہیں انکو جلد از جلد حل کریں گے، یہ بات انہوں نے ضلع جہلم کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال اور صدر پاکستان تحریک انصاف جہلم چوہدری زاہد بھی موجود تھے۔

وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر تمام بلدیات کے دورے کر رہا ہوں تاکہ گورننس کے مسائل سے آگاہی حاصل ہو سکے اور عوام کے مسائل ترجیحاتی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں۔ ضلع جہلم کے لیے شارٹ ٹرم پیکج تیار کر ہیں جس سے تین ماہ کے اندر سیوریج، پانی اور سڑکوں کی تعمیر جیسے مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، جس طرح سیالکوٹ اور آزاد کشمیر کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی جیت ہوئی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے۔ وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات پوری طرح سے صاف، شفاف اور منصفانہ تھے اور جو لوگ یہ دعویٰ کرتے تھے کہ پنجاب مسلم لیگ نواز کا گڑھ ہے، وہ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ن لیگ کا اتحاد ٹوٹ چکا ہے، مسلم لیگ نواز کی لیڈرشپ کو پاکستان تحریک انصاف کی فتوحات کو تسلیم کر لینا چاہیے اور اپوزیشن کا کردار آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ادا کرنا چاہیے، ہم انکے اس فیصلے کوخوش آمدید کہیں گے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں تمام سرکاری محکموں کے افسران سے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو جہلم میں بلدیہ کے مسائل کی نشان دہانی کر کہ سمری بنا کر بھیجنے کی ہدایت کی۔ سٹاف کی کمی کے مسائل، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس اور گورننس کے مسائل کو جل از جلد حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، انتظامی افسران متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں، حکومت پنجاب نے شہریوں کی فلاح و بہبود کے بے شمار منصوبے شروع کر رکھے ہیں جس سے عام لوگوں کی زندگیوں میں بہت بہتری آ رہی ہے۔