پائما نے سندھ حکومت کے کم سے کم اجرت25ہزار مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا

کاروباری،صنعتی لاگت میں اضافے کی بجائے کورونا وبا سے پیدا سنگین معاشی بحران سے نکلنے میں مدد کی جائے، حنیف لاکھانی پنجاب کی طرح سندھ میںبھی20ہزار روپے کم سے کم اجرت مقرر کی جائے، فرحان اشرفی کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شا ہ سے اپیل

بدھ 4 اگست 2021 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن( پائما) کے سینئر وائس چیئرمین، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حنیف لاکھانی اورپائما کے وائس چیئرمین و کنوینر ایف پی سی سی آئی یارن ٹریڈنگ قائمہ کمیٹی فرحان اشرفی نے وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ کم سے کم اجرت20 ہزار روپے کے برعکس سندھ حکومت کی جانب سے 25ہزار روپے کم سے کم اجرت مقرر کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق اور دیگر صوبوں کی طرح سندھ بھی میں یکساں بنیاد پر کم سے کم اجرت20 ہزار روپے مقرر کی جائے تاکہ کاروباری اداروں اور صنعتوں کی لاگت میں اضافہ نہ ہو جو پہلے ہی کورونا وبا سے پیدا ہونے والے سنگین بحرانوں سے دوچار ہیں اور بمشکل اپنی بقا قائم رکھنے کی جدوجہد کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

حنیف لاکھانی، فرحان اشرفی نے ایک بیان میں کہاکہ وفاقی بجٹ میں وزیرخزانہ شوکت ترین نے کم سے کم اجرت20ہزار روپے کرنے کا اعلان کی تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر صوبوں نے بھی کم سے کم اجرت مقرر کی مگر صوبہ سندھ نے وفاق اور دیگر صوبوں کی نسبت زمینی حقائق کے برخلاف 20ہزار کی بجائی25ہزار روپے کم سے کم اجرت کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ اس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جو کہ ملک میں جاری کورونا وبا کی تباہ کاریوں اور سنگین معاشی بحرانوں میںکسی صورت بھی قابل عمل نہیں۔

پائما کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت کے کم سے کم اجرت25ہزار روپے مقرر کرنے کے فیصلے سے سب سے زیادہ وہ کاروباری ادارے اور صنعتیں متاثر ہوں گی جو دیگر صوبوں کے علاوہ سندھ میں بھی اپنا کاروبار کرتے ہیں اور اپنا عملہ وقتاً فوقتاً صوبوں میں تعینات کرتے رہتے ہیں ایسے میں وہ ادارے ٹرانسفارمیشن کے تحت کس طرح سندھ میں دیگر صوبوں سے کہیں زیادہ طے شدہ کم سے کم اجرت ادا کرنے کے متحمل ہوسکتے ہیں انہوں نے وفاقی ادارے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون( ای پی زیڈ) کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک وفاقی ادارہ ہے جس کے ملازمین مختلف صوبوں میں کام کرتے ہیں اورسندھ میں قائم ای پی زیڈ کے ملازمین کو وفاق کے اعلان کردہ کم سے کم اجرت20ہزار روپے ادا کرے گا یعنی ایک ہی صوبے اور شہر میں جو ادارے وفاق کے تحت چل رہے ہیں کم سے کم اجرت20ہزار روپے دیں گے اورجو کاروباری ادارے، صنعتیں سندھ کے تحت چل رہے ہیں وہ 25ہزار دیں یہ انتہائی غیرمنصفانہ ہے۔

حنیف لاکھانی،فرحان اشرفی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا وفاق اور دیگر صوبوں کی طرح زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ میں بھی کم سے کم اجرت20ہزار روپے مقرر کی جائے تاکہ کاروبار و صنعتوں کی پیدواری لاگت میں اضافے کی بجائے انہیں کورونا وبا کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی بقا قائم رکھنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔