''چلی ملی'' سے متعلق شکایت دور ہو گی لیکن وعدہ کریں آئندہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے

مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے خاندانی کاروبار کی مقبول جیلی ''چلی ملی'' سے متعلق ٹویٹ کا جواب دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 24 اگست 2021 14:25

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اگست 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے خاندانی کاروبار کی معروف جیلی ''چلی ملی'' سے متعلق ایک ٹویٹر صارف کی شکایت کا نہ صرف جواب دیا بلکہ صارف سے آئندہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا عہد بھی لیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صارف نے کہا کہ چلی ملی اب جوسی کیوں نہیں رہی؟ ہمیشہ اتنی سوکھی اور مری ہوئی ہوتی ہے ایسا لگتا ہے کہ چلی ملی ڈرائی فروٹ کھا رہے ہوں۔

جس پر مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے ٹویٹر صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں انہیں کہوں گا کہ چلی ملی کو مزید جوسی بنائیں لیکن پلیز وعدہ کریں کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے۔
مفتاح اسماعیل کی حالیہ ٹویٹ نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

کسی ٹویٹر صارف نے ان کی حمایت کی تو کچھ نے شدید تنقید جبکہ کئی صارفین نے دیگر مصنوعات کو بھی بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کردیا اور دیگر انہیں مختلف تجاویز بھی دیں۔

ایک خاتون صارف نے کہا کہ سر آپ جہاز سے گھروں پر چلی ملی کے پیکٹس گروائیں ، میرا ووٹ آپ کا۔
جبکہ ایک صارف نے کہا کہ اگر آپ اتنی چلی ملی بھی گرا دیں کہ ہمارے گھٹنوں تک چلی ملی آ جائے تو پھر بھی میں آپ کو ووٹ نہیں دوں گا، آگے آپ کی مرضی۔
ایک اور ٹویٹر صارف نے کہا کہ میں آپ کی الیکشن مہم چلاؤں گا اگر آپ نیوٹیلا کی قیمت میں کمی کر دیں اور کو کو مو بسکٹ کے پیکٹس میں بسکٹ کی تعداد زیادہ کر دیں۔

ایک اور ٹویٹر صارف نے مفتاح اسماعیل کو سیاسی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مفتاح بھائی اگر کام کیا ہو تو ووٹ مانگنے کی ضرورت پیش نہیں آتی، اندازہ کریں کہ آپ کی پارٹی سالوں سال اقتدار میں رہی، لیکن چلی ملی کی لالچ دیکر ووٹ مانگنے پڑ رہے ہیں۔ خدا کے لئے سمجھ جائیں کہ پرانا زمانہ نہیں رہا جہاں لوگوں کو لالچ میں بے وقوف بنایا جاتا تھا۔

ایک اور خاتون صارف نے کہا کہ اتنا سریس ہوکر اگر ملک کے مسائل پر توجہ دی ہوتی تو "چلی ملی "کی جگہ ووٹ مانگنے کی نوبت ہی نہ آتی,کوئی شرم کوئی حیا ؟؟
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے اپنے فیملی بزنس کی مصنوعات کو سیاسی اہداف کے لیے اس سے پہلے بھی موضوع بنایا جاچکا ہے۔ جبکہ مفتاح اسماعیل اپنے کاروبار کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر چکے ہیں۔ رواں برس مارچ میں کراچی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران انہوں نے عوام میں ٹافیاں تقسیم کی تھیں جن پر ان کی تصویر، نام اور حلقہ موجود تھا۔