کراچی میں غیرت کے نام پر لڑکا قتل ، لڑکی زخمی ہو گئی

لڑکی کے بھائی اور ماموں نے غیرت کے نام پر لڑکے اور لڑکی کو زخمی کیا تھا۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 ستمبر 2021 13:50

کراچی میں غیرت کے نام پر لڑکا قتل ، لڑکی زخمی ہو گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 ستمبر 2021ء) : شہر قائد میں غیرت کے نام پر لڑکے کو قتل اور لڑکی کو زخمی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ابو الحسن اصفہانی روڈ قائداعظم کالونی میں غیرت کے نام پر چھری کے وار کر کے لڑکے کو قتل اور لڑکی کو زخمی کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی نے ماموں کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر بہن اور اس کے آشنا پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔

حملے کے نتیجے میں ایک لڑکا اور لڑکی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ ماجد حسین ولد شفیع حسین اور خاتون کی 20 سالہ گلناز دختر محمد صدیق کے نام سے کی گئی۔ حملے میں زخمی 22 سال کا ماجد دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ 20 سالہ خاتون گلناز کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ سے متعلق پولیس نے بتایا کہ محمد شیراز ولد محمد صدیق نے اپنے ماموں کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر اپنی بہن اور اس سے محبت کرنے والے ماجد حسین کو ایک ساتھ دیکھ کر طیش میں آ کر بغدے سے حملہ کر دیا۔

پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تو پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر گلناز کے بھائی محمد شیراز اور اس کے ماموں رجب علی کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی بہن اور اس کے آشنا پر حملے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ ملزم نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اس کی بہن متعدد بار گھر سے بھاگ چکی تھی ، اب اس نے کزن ماجد حسین سے ناجائز تعلقات قائم کر لیے تھے جس پر میں طیش میں آ گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے بیانات ریکارڈ کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق ہی سزائیں دی جائیں گی۔