خواتین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے والا گروہ بے نقاب ہو گیا

گرفتار ملزمان سے ستر کلو چرس، چار کلو کرسٹل اور ایک کلو ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی مالیت تین کروڑ روپے ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 14 ستمبر 2021 13:26

خواتین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے والا گروہ بے نقاب ہو گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2021ء) : سندھ پولیس نے خواتین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کرنے کی بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کے مطابق ملیر پولیس نے منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بلوچستان سے منشیات کراچی لاکر فروخت کرنےوالےگروہ کے چودہ کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان سے ستر کلو چرس، چار کلو کرسٹل اور ایک کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے، جس کی مالیت تین کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی جانب سے دئیے گئے ابتدائی بیان کے بعد کراچی کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، اس دوران پانچ خواتین کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔ دوران حراست ملزمان نے انکشاف کیا کہ خواتین ملزمان کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کی جاتی تھی، پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ شہر قائد کے ایک نجی بینک میں فراڈ کا کیس بھی سامنے آیا تھا جس میں مبینہ ماسٹر مائنڈ ایک خاتون تھی۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ رقم بٹورنے کے ساتھ بینک ملازمین کو بھی معقول حصہ دیتی رہی۔ جعلساز ملزمہ اپنے طریقہ واردات میں بینک ملازمین قیمتی تحائف دیتی رہی۔ اس حوالے سے تفتیشی حکام نے کہا کہ ماسٹر مائنڈ خاتون رقم بٹورنے کے ساتھ بینک ملازمین کو حصہ بھی دیتی رہی، بینک ملازمین جعلساز خاتون سے بیش قیمت تحائف بھی لیتے رہے۔

مبینہ ماسٹر مائنڈ خاتون برانچز میں عملے کو کچھ نہ کچھ جیب خرچ بھی دیتی تھیں۔ دوران تفتیش فراڈ کیس میں گرفتارملزم عدیل کے اکاؤنٹ میں 24 لاکھ روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا، اس کے علاوہ گولڈ فنانس ایگزیکٹو عدیل کو ماسٹر مائنڈ خاتون نے ایک کار بھی تحفے میں دی تھی۔ گلستان جوہر برانچ کی گرفتارخاتون منیجر کو بھی پلاٹ تحفے میں دیا جو کچھ روز بعد واپس لے لیا گیا تھا۔

ملزمہ نے بینک ملازمین کو 2 سے 3 لاکھ روپے مالیت کے قیمتی موبائل فونز بھی گفٹ کیے۔ تفتیشی حکام نے کہا کہ اس کے علاوہ ملزمہ نے جعل سازی سے حاصل ہونے والی رقم سے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کی اور بینک سے حاصل شدہ رقم سے بیش قیمت گاڑیاں بھی خریدی۔ پولیس کے مطابق ماسٹرمائنڈ خاتون دونوں برانچز میں عملے کو جیب خرچ بھی دیتی تھی،75 کروڑ روپے کے بینک فراڈ میں 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔