زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور بینک آف پنجاب کے مابین زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 14 ستمبر 2021 17:40

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور بینک آف پنجاب کے مابین زرعی ترقی اور کاشتکاروں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور بینک آف پنجاب کے مابین زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ مفاہمت کی یادداشت کی تقریب سنڈیکیٹ روم میں منعقد ہوئی جس پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور بینک آف پنجاب کی گروپ ہیڈ ہیومن ریسورس عالیہ ظفر نے دستخط کئے۔

اس موقع پر پرووائس چانسلر ڈاکٹر انس سرور قریشی،  ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، مینیجر اکیڈیمیا انڈسٹری لینکج ڈاکٹر خرم ضیاء، ریسرچ آفیسر فاروق احمد، انچارج بزنس انکوبیشن سنٹر محمد عمران منور، پنجاب بینک کے گروپ ہیڈ ریٹیل آصف ریاض، ہیڈایگریکلچر کریڈٹ سرفراز حسین، یونٹ ہیڈ کوآپریٹ کمیونی کیشن اسد ضیاء، ریجنل ہیڈ ایگریکلچر فیصل آباد شہباز احمد و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق پنجاب بینک حال ہی میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجوایٹس اور کسانوں کوزرعی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا۔ زرعی یونیورسٹی بینک آف پنجاب کو ایگری فوکس مصنوعات کی نمائش کے لئے مواقع فراہم کرے گا۔ علاوہ ازیں طلباء اور کاشتکاروں میں بینکنگ فنانسنگ کے حوالے سے سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ شہروں کے بے پناہ پھیلاؤ کے باعث زرعی رقبے میں کمی واقع ہو رہی ہے جس کے لئے منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کسان کا بیٹا کسان نہیں بننا چاہتا کیونکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کے مطابق منافع نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکار کے لئے آسان اقساط پر قرضے بڑھا کر جدید رحجانات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر بینک آف پنجاب کی گروپ ہیڈ ہیومن ریسورس عالیہ ظفر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار زراعت سے منسلک ہے جس کے لئے زراعت کو منافع بخش پیشہ بنانے اور پیداواریت میں اضافے کے لئے تمام وسائل دستیاب کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجوایٹس کو عملی میں میدان میں اترتے ہوئے زرعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ فوڈ سیکورٹی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

بینک آف پنجاب کے گروپ ہیڈ ریٹیل آصف ریاض نے کہا کہ کاشتکاروں کو آسان اقساط پر کروڑوں روپے کے زرعی قرضے دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ جدید رحجانات کو اپناتے ہوئے نہ صرف معاشی خوشحالی کا باعث بنے بلکہ فوڈ سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت مستحکم، زرعی معیشت میں معاون ثابت ہو گی۔