پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے سے عوام اور معیشت متاثر ہورہے ہیں،میاں زاہد حسین

ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے،بے روزگاری بڑھ رہی ہے، اضافہ فوری واپس لیا جائے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 17 ستمبر 2021 20:27

پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے سے عوام اور معیشت متاثر ہورہے ہیں،میاں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںزبردست اضافے سے عوام اور معیشت متاثر ہورہے ہیں۔ اس سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جائے گی اس لئے یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دے گا۔ جبکہ بجلی بھی مہنگی کی جا رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور اب پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمت بھی تاریخی بلندی پر ہے جس نے اشیائے ضروریہ کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے اور اسی وجہ سے عوام پر مجموعی طور پر کئی سو ارب روپے کا اضافی بوجھ بھی پڑا ہے اور عوام بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیںحکومت کا گزشتہ تین سالوںمیں کئے گئے وعدوں کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا اور اب عوام کے لئے گزر بسرکرنابھی مشکل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی بڑی تعداد بے روزگار ہو چکی ہے اور موجودہ حالات میں کاروبار بند ہونے سے بے روزگاری میں مذید اضافہ ہو گیاہے اس لئے حکمران عوام سے لاتعلق ہو کر فیصلے نہ کریں ۔ اشیائے خورو و نوش، ادویات اور دیگر ضروری چیزوں کی قیمتوںمیں زبردست اضافہ ہو چکا ہے اور عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے ان پر مذید بوجھ لادنا زیادتی ہو گی ۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اوگرا ہمیشہ قیمتوں میں ضرورت سے زیادہ اضافہ کی تجویز دیتی ہے اور حکومت اس سے کچھ کم اضافہ کر کے عوام کو یہ تاثر دیتی ہے کہ اسے عوام کی فکر کھائے جا رہی ہے مگر زمینی صورتحال بالکل مختلف ہے اور بار بار قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی قوت خریدکو ختم کر دیا ہے۔

میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ملک کی رہی سہی اقتصادیات کو تباہ کرنے کے لئے کافی ہے۔جبکہ پالیسی ساز اس سلسلہ میںمکمل بے بس نظر آتے ہیں۔ ڈالر کی گرم بازاری کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ ملک کی ایکسپورٹس میں بھی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو رہا۔