افقی زرعی ترقی اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے مقامی حل تلاش کرنے کے لئے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین کو عملی اقدامات لینے ہوں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 21 ستمبر 2021 17:33

افقی زرعی ترقی اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے مقامی حل تلاش کرنے کے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) افقی زرعی ترقی اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے مقامی حل تلاش کرنے کے لئے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین کو عملی اقدامات لینے ہوں گے تاکہ تخفیف غربت اور مستحکم معیشت جیسے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ٹیکنالوجی ٹرانسفر فنڈ کے تحت چلنے والے تحقیقی منصوبوں کے پرنسپل انوسٹی گیٹر میٹنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ناقص بیج کی فراہمی کی وجہ سے کاشتکاروں کو مسائل کا سامنا ہے جس کے لئے سرٹیفائیڈ اور زیادہ پیداواریت کے حامل بیج کو کسانوں کی دسترس میں لانے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں تیارکردہ زرعی ٹیکنالوجی کے متعلق کاشتکاروں کو روشناس کرانے کے لئے نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنیادی فصلات کے حوالے سے جدید طریقہ کاشت کو رواج دینے کے لئے زرعی یونیورسٹی میں ڈیمونسٹریشن کا قیام عمل میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں روپے کی اجناس درآمد کی جا رہی ہیں جو کہ ہمارے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور طریقہ کاشت کو رواج دیا جا رہا ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافے اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر آفس آف دی ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں اربوں روپے کے تحقیقی منصوبہ جات پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کی مشکلات اور زراعت کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔