عوام کے مسائل و مشکلات کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے،ڈپٹی کمشنرساہیوال

منگل 21 ستمبر 2021 19:50

ساہیوال/چیچہ وطنی۔21ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) :ڈپٹی کمشنرساہیوال واجد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل و مشکلات کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی انتظامیہ انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری انتظامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوام کو اشیا صرف کی خریداری میں ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لئے سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد کے لئے بھی پرائس مجسٹریٹس ہمہ وقت متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات روزمرہ اشیا کی قیمتوں اور عوامی فلاح کے دوسرے اقدامات کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں مقرر 34پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی چیکنگ کر رہے ہیں اور عوام الناس کی آگہی کے لئے ان تمام مجسٹریٹس کے فون نمبرز اور تصاویر پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر دے دئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 4ماہ جون سے ستمبر تک ان پرائس مجسٹریٹس نے 22198انسپکشنز کیں جس دوران اوور چارجنگ پر 494اور ذخیرہ اندازی پر 1955افراد کو مجموعی طور پر 12لاکھ75ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا اور 37مقدمات درج کروا کر 96افراد کو گرفتار کرایا گیا۔