امریکی و فرانسیسی صدور کے درمیان ملاقات آئندہ ماہ یورپ میں ہوگی

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:08

امریکی و فرانسیسی صدور کے درمیان ملاقات آئندہ ماہ یورپ میں ہوگی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) امریکی صدر جو بائیڈن اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون آئندہ ماہ یورپ میں ملاقات کریں گے، اس کا مقصد  بحری آبدوزوں کے معاہدے  سے پیدا ہونے والے  تناؤ میں کمی لانا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی ذرائع ابلاغ  نے   وائٹ ہاؤس  سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ  دونوں سربراہان نے  ٹیلی فون پر گفتگو  کے دوران  فیصلہ کیا ہے کہ قریبی مشاورت کا عمل اپنایا جائے گا جس کا مقصد یکساں مقاصد کے حصول کے لیے ٹھوس اقدامات تجویز کرنا اور باہمی اعتماد کو یقینی بنانا ہو گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 2016ء میں فرانس کے ساتھ ہونے والے 66 ارب ڈالر مالیت  سے ڈیزل اور بجلی کی توانائی سے چلنے والی 12 روایتی آبدوزیں  خریدنے کے معاہدے کو  حال ہی میں ختم کر دیا  ہے ،اس کے بدلے  امریکا اور برطانیہ  نے جوہری توانائی سے چلنے والی کم از کم آٹھ آبدوزیں آسٹریلیا کو فروخت کر نے کا معاہدہ کیا ہے جو فرانس اور امریکا و آسٹریلیا کے درمیان کشیدگی کا باعث بنا۔