Live Updates

وفاقی حکومت نے ایک نیا کرکٹ چینل لانچ کرنے پر غور شروع کردیا

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے درمیان ملاقات، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور نیا کرکٹ چینل لانے پر غور کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 ستمبر 2021 21:29

وفاقی حکومت نے ایک نیا کرکٹ چینل لانچ کرنے پر غور شروع کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے پاکستان میں نیا کرکٹ چینل لانچ کرنے پر غور شروع کردیا، فواد چودھری اور رمیز راجہ کے درمیان ملاقات میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں کرکٹ کی میدان بحال کرنے اور ایک نیا کرکٹ چینل لانچ کرنے سے متعلق خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے فواد چودھری کو تجویز دی کہ ملک میں نیا کرکٹ چینل لانچ کیا جائے جس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ دونوں نے پاکستان میں نیا کرکٹ چینل لانچ کرنے پر غور کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

 


یاد رہے سابق کپتان رمیز راجہ 13 ستمبر2021 کو پی سی بی کے تین سال کیلئے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں، رمیز راجہ پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین اور چیئرمین بننے والے چوتھے سابق کرکٹر ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دیا، وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق بھی ٹپس دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں، پاکستان میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی، موجودہ حالات میں بہترین پرفارمنس سے جواب دینا ضروری ہے، پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کا بہت جذبہ بڑھایا، عمران خان نے  ٹیم سے کہا کہ آپ میں صلاحیت ہے،  وزیراعظم عمران خان نے ٹیم سے کہا کہ پیسے کا لالچ نہیں کرنا، ضمیر کا سودا نہیں کرنا، وزیراعظم نے ٹیم سے کہا کہ نہ ڈرنا ہے اور نہ گھبرانا ہے، پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہماری انٹیلی جنس ایجنسی  دنیا کی ٹاپ ایجنسی ہے، میرٹ پر فیصلے کیے جائیں تو بہترین ٹیم سامنے آتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات