سندھ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث متعدد افراد جاں بحق

تھر اور بدین میں پیش آئے واقعات کے باعث خاتون اور بچے سمیت 10 افراد اور درجنوں مویشیوں کی اموات، متعدد افراد شدید زخمی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 ستمبر 2021 20:11

سندھ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث متعدد افراد جاں بحق
تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) سندھ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث متعدد افراد جاں بحق، تھر اور بدین میں پیش آئے واقعات کے باعث خاتون اور بچے سمیت 10 افراد کی اموات، متعدد افراد شدید زخمی۔ تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کی زد میں آنے والے صوبہ سندھ کے کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے تشویش ناک واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کا ایک واقعہ تھرپارکر میں جبکہ ایک واقعہ نندو شہر کے علاقے میں پیش آیا۔ پنگریواورگردونواح کے علاقوں میں جاری بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعہ میں نندوشہر کے قریب موسی خاصخیلی بس اسٹاپ کے مسافرخانے میں بارش سے بچاو کے لیے پناہ لینے والے 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری جانب آسمانی بجلی گرنے کا سب سے تشویش ناک واقعہ تھرپارکر میں پیش آیا۔ تھرپارکر میں پیش آئے واقعے کے دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے والے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث بڑی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ تھرپارکر میں ماضی میں بھی آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔