شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگانے والے طعنہ دے رہے ہیں، مریم اورنگزیب

جو کرپٹ مافیا پنجاب میں کاغذوں میں بھی کوئی منصوبہ نہ بنا سکا وہ شہباز شریف کو لاہورکی ترقی کا طعنہ دے رہے ہیں، وزیر اطلاعات کو جواب

منگل 28 ستمبر 2021 22:57

شہباز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگانے والے طعنہ دے رہے ہیں، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں شہباز شریف کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگانے والے طعنہ دے رہے ہیں۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ جو کرپٹ مافیا پنجاب میں کاغذوں میں بھی کوئی منصوبہ نہ بنا سکا وہ شہباز شریف کو لاہورکی ترقی کا طعنہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برطانوی عدالت کے فیصلے کے بعد عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے۔ن لیگی ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے لیے جو کیا، وہ حالیہ پنجاب کے کنٹونمنٹ کے الیکشن کے نتائج سے ظاہر ہے۔اٴْنہوںنے کہاکہ شہباز شریف کو لاہور کا طعنہ دینے والے بتائیں 9 سال میں خیبرپختونخوا کو تباہی کے سوا کیا دیا مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور سمیت پورے پنجاب میں قابلِ فخر تعمیر، ترقی اور خوش حالی دی۔