''کنفگریشن خرابیوں'' کی وجہ سے سروس بند ہوئی، صارفین کا ڈیٹا لیک نہیں ہوا

کمپنی کے ٹریفک نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کے درمیان کچھ آلات کے خراب ہونے کی وجہ سے ان کی سروس بند ہوئی۔ فیس بک نے وضاحتی بیان جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 5 اکتوبر 2021 12:54

''کنفگریشن خرابیوں'' کی وجہ سے سروس بند ہوئی، صارفین کا ڈیٹا لیک نہیں ..
امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اکتوبر 2021ء) : سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک کی سروسز متاثر ہونے کی وجہ سے دنیا بھے کے صارفین کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فیس بُک کی سروسز متاثر ہونے پر کئی صارفین نے نہ صرف سسٹم بلکہ صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق بھی سوالات اُٹھائے جس پر اب فیس بُک نے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بُک کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ ہمارے ڈیٹا سینٹر کے سسٹم میں ''کنفگریشن خرابیوں'' کی وجہ سے سروس بند ہوئی۔ فیس بک کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ انجنیئرز کی ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے پتہ لگایا کہ سروسز کیوں بند ہوئیں اور معلوم ہوا کہ کمپنی کے ٹریفک نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کے درمیان کچھ آلات کے خراب ہونے کی وجہ سے ان کی سروس بند ہوئی۔

(جاری ہے)

بلاگ میں سروس متاثر ہونے پر صارفین سے معذرت بھی کی گئی اور ساتھ ہی دعویٰ کیا گیا کہ 6 گھنٹے تک بند رہنے والی سروس میں صارفین کے ڈیٹا لیک ہونے یا اکاؤنٹس ہیک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ کنفگریشن دراصل ایک نظام ہے،جیسا کہ کمپیوٹر سسٹم کی تمام چیزیں، ہارڈویئر، سافٹ ویئر، کی بورڈز اور ماؤس کنفگریشن کہلاتی ہیں اور ان آلات میں سے اگر کوئی بھی چیز خراب ہوگی تو کمپیوٹر کی سروس متاثر ہوگی۔

ٹھیک اسی طرح فیس بک کے ٹریفک نیٹ اور ڈیٹا سینٹر کو آپس میں ملانے کے لیے بھی بہت سارے آلات کام کرتے ہیں اور 4 اکتوبر کی شب ان آلات میں خرابی کی وجہ سے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہوئی۔ یاد رہے کہ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس پاکستان میں 4 اکتوبر کی شب 8 بجکر 44 منٹ پر متاثر ہونا شروع ہوئی جو رات دیر گئے تک بند رہی۔

جس کے بعد فیس بُک کی سروسز قریباً چھ گھنٹے کے بعد جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوئیں۔ فیس بُک ، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سروسز متاثر ہونے کی وجہ سے فیس بُک انتظامیہ کو اربوں ڈالرز کا نقصان بھی ہو گیا۔فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز متاثر ہونے کے بعد امریکی اسٹاک ایکسچینج میں فیس بک کے شیئرز (حصص) کی قیمت 5.7 فیصد گر گئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سروسز معطل ہونے کی وجہ سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی اسٹاک ایکسچینج میں اس وقت تک فیس بک کے شیئرز کی قیمت 5.7 فیصد تک گر گئی، جس کے باعث فیس بُک کو تقریباً 50 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ جبکہ گھنٹوں تک سروسز متاثر رہنے کی وجہ سے فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ کو 7 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ۔