ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلیاں ہوئیں تو دنیا مذاق اڑئے گی: عاقب جاوید

بھارت کیخلاف میچ کو لیکر کھلاڑی جذباتی نہ ہوئے تو یہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے: کوچ لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اکتوبر 2021 13:24

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلیاں ہوئیں تو دنیا مذاق اڑئے گی: عاقب ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اکتوبر 2021ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں تبدیلیاں کی گئیں تو دنیا ہمارا ہمارا مذاق اڑئے گی، شائقین بھارت کیخلاف میچ کو لیکر جذباتی نہ ہوں تو یہ ٹیم ضرور کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ‏سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اب اگر ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے تو اسے بیک کریں، میرا نہیں خیال کہ سکواڈ میں تبدیلیاں ہوں گی اور ہونی بھی نہیں چاہیئیں۔

عاقب جاوید نے کہا ہے کہ اگر قومی ٹیم میں تبدیلیاں کی گئیں تو دنیا ہمارا مذاق اڑئے گی، 7 دن کی فارم پر کسی کی سلیکشن کے فیصلے مت کریں، سلیکٹرز کو پہلے سوچنا چاہیئے تھا کہ کون تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہا ہے، اب اگر آپ نے کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرہی لیا ہے تو پھر انہیں بیک کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 2،3 سال سے ہمارے ہاں سلیکشن کے عمل میں تسلسل نہیں ہوپا رہا ہے، تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ہی ہماری ٹیم اس حال کو پہنچی ہے، پاکستانی ٹیم اتنی بری نہیں تھی جتنا اسے بنا دیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو پہلے 2،3 مرتبہ ڈراپ کیا جاتا ہے اور پھر واپس ٹیم میں لایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان میں اعتماد نہیں ہے۔

‏سابق فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا پاکستان کا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف ہے، اس میچ کو لے کر اگر جذباتی نہ ہوئے تو یہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ضرور کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‏ عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ کھلاڑیوں کو اعتماد دے، بورڈ واضح الفاظ میں پیغام دے کہ اس ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہے، یہ پیغام کھلاڑیوں اور لوگوں تک پہنچنا چاہیے، اس سے سب کا مائنڈ بنے گا کہ یہی ہماری ٹیم ہے اور اسے ہم نے بیک کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت ، دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ ، تیسرا میچ 31 اکتوبر کو افغانستان کیخلاف کھیلے گا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔