بلوچستان میں پھر سے زلزلے کے جھٹکے

ہرنائی میں بدھ کی رات آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ جاری، شہری شدید خوف میں مبتلا

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 اکتوبر 2021 20:17

بلوچستان میں پھر سے زلزلے کے جھٹکے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07اکتوبر 2021ء) ببلوچستان میں پھر سے زلزلے کے جھٹکے، ہرنائی میں بدھ کی رات آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ جاری، شہری شدید خوف میں مبتلا- تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے کچھ علاقوں میں جمعرات کی شام کو بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ان کی شدت زیادہ نہیں تھی۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کی رات کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس محسوس کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ ، چمن، زیارت اور ژوب سمیت کئی علاقوں میں رات 3 بج کر 2 منٹ پر زلزلے کےشدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

(جاری ہے)

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز ہرنائی سے 15 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا۔

پروو نشل ڈیزاسٹر میجنمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث مکانات کے ملبے تلے دب کر 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا کہنا ہے کہ ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں اور علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہرنائی میں 70 سےزائد مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے بتایا کہ زیارت، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں بھی زلزلے کے باعث نقصانات کی اطلاعات ہیں جبکہ زلزلے سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہرنائی میں ہوا۔ ضیااللہ لانگو کے مطابق کافی تعداد میں لوگ گرنےوالی عمارتوں کے ملبےمیں دبےہوئے ہیں جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔