قوم پی ایس پی کو موقع دے ہم مہنگائی سمیت سب ٹھیک کردیں گے ، مصطفی کمال

پی ایس پی کے پاس ہی وہ کردار، تجربہ، فارمولا، تکنیکی صلاحیت اور ٹیم ہے جو پاکستان کے 95 فیصد مسائل ٹھیک کردے گی، چیئرمین پی ایس پی

ہفتہ 9 اکتوبر 2021 20:46

قوم پی ایس پی کو موقع دے ہم مہنگائی سمیت سب ٹھیک کردیں گے ، مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ قوم پی ایس پی کو موقع دے ہم مہنگائی سمیت سب ٹھیک کردیں گے کیونکہ صرف پی ایس پی کے پاس ہی وہ کردار، تجربہ، فارمولا، تکنیکی صلاحیت اور ٹیم ہے جو پاکستان کے 95 فیصد مسائل ٹھیک کردے گی۔ ہم نے گزشتہ پانچ سال میں ایک بھی یو ٹرن نہیں لیا۔

مہنگائی اور نااہل حکومت کے ظلم کے خلاف عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ مہنگائی نے جہاں ایک جانب متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے وہیں غریب طبقے کو موت کی دہلیز تک پہنچا دیا ہے۔ بیحس، نااہل اور کرپٹ وفاقی وزرا انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی سے اپنی کارکردگی درست کرنے کے بجائے پہلے سے ایک وقت روٹی کھانے والی قوم کو مزید کم کھانے کی تاکید کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک جانب تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی وفاقی حکومت عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے تو دوسری جانب پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ صوبائی حکومت اس امر کو یقینی بنارہی ہے کہ سندھ میں چند خاندانوں کے علاہ کوئی زندہ نا بچے۔ نا پینے کا پانی میسر ہے، نا علاج معالجے کی سہولیات ہیں، نا کچرا اٹھ رہا ہے، نا نوکریاں دی جارہی ہیں، نا ٹرانسپورٹ ہے اور تعلیم کا تو کوئی سوچ ہی نہیں سکتا۔

موجودہ علاقائی تناظر میں اگر حالات ایسے ہی خراب رہے تو خدشہ ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک نہ چل پڑئے جسکا براہ راست فائدہ ملک دشمن طاقتیں اٹھا سکتی ہیں اور ان سب کے زمہ دار موجودہ وفاقی اور صوبائی حکمران ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں عہدے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی عوام کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج بروز اتوار ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کارکنان کا اجلاس غوث الاعظم اسپورٹس گرانڈ میں رکھا ہے۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ہم اپنی جدوجہد عوام کے مفاد میں جاری رکھیں گے۔ ہمارے پاس معاشی استحکام لانے اور معیشت کو بہتر کرنے کا حل موجود ہے۔ عوام نے موقع دیا تو سب ٹھیک کر دیں گے۔