تمام والدین انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں،کمشنر ڈیرہ ڈویژن

بدھ 13 اکتوبر 2021 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامرلطیف نے کہا ہے کہ تمام والدین کو چاہیے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں، 21اکتوبر سے شروع ہونیوالی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں آر پی او ڈیرہ شوکت عباس،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ، ڈپٹی کمشنر ٹانک کبیر آفریدی، ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان خالد اقبال، تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈسٹرک ہیلتھ آفیسر ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان، این سٹاف آفیسرز، ٹیکنیکل سپورٹ آفیسر، ایل ایچ ڈبلیو کوارڈینیٹرز، پولیو ایریڈیکیشن آفیسرز، محکمہ پولیس و دیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ ڈویژن نے کہا کہ گزشتہ مہم کے دوران اہداف کے حصول سمیت تینوں اضلاع بالخصوص جنوبی وزیرستان میں کارکردگی بہتر رہی جس کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز سمیت تمام سٹاف اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی قابل تحسین ہے مگر اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھا جائے۔ٹیموں کی بروقت ٹریننگ کی جائے اور انکاری کیسز والی یونین کونسلز پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے۔

انہوں نے گزشتہ مہم کے دوران سیکورٹی کے بہتر انتظامات ہونے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور محکمہ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مہم کیلئے بھی بروقت سیکورٹی پلان اور پھر اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں پر سٹاف کی کمی ہے اسے پورا کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنائیں تاکہ مہم میں حائل رکاوٹوں یا دشواریوں کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے تمام والدین سے بھی اپیل کی کہ 21اکتوبر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے تمام پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر نہ صرف عمر بھر کی معذوری کا شکار ہونے سے انھیں بچائیں بلکہ ذمہ دار شہری ہونے کا بھی ثبوت دیں۔