ْجامعہ کراچی، شعبہ فزیالوجی کے زیراہتمام انڈوں کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

جمعہ 15 اکتوبر 2021 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) چیئرمین شعبہ فزیالوجی جامعہ کراچی ڈاکٹر تاثیر احمد خان نے کہا کہ انڈہ ایک قدرتی غذا ہے جو ہمارے روز مرہ کی صحت کو بہتربنانے میں مددگارثابت ہوتی ہے،روزانہ دو انڈے کھانے سے آپ کی 82 فیصد وٹامن ڈی کی ضرورت پوری ہوتی ہے اوریک انڈے میں آپ کو 6.3 گرام بہترین پروٹین ملتا ہے ۔ انڈے کھانے سے دل کی بیماریوں کا کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی اس سے کولیسٹرول کے مسائل جنم لیتے ہیں۔

انڈوں میں پروٹین زیادہ اور کیلوریز کم ہوتی ہیں جن سے آپ کو اپنا وزن کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ فزیالوجی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اورورلڈ پولٹری سائنس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے انڈوں کے عالمی دن کی مناسبت سے شعبہ ہذامیں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں پولٹری سائنس کے نمائندوں اور مختلف ماہرین غذائیت نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر تاثیر احمد خان نے مزید کہا کہ انڈوں سے آپ کو کلورین بھی ملتا ہے جو دماغ کے لئے بے حد مفید ہے۔ انڈوں سے آنکھوں کی روشنی بھی بہتر ہوتی ہے اور آنکھوں کی بیماری کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ڈاکٹر شاہد وحید نے کہا کہ ہمیں ایک صحت مند زندگی کے لئے پروٹین چاہیئے اور انڈوں میں پروٹین کی بڑی تعداد ہوتی ہے۔ جسم میں پروٹین کی خاص مقدار کو برقرار رکھنے کے لئے انڈے کھانا کافی مفید ہے۔

انڈوں سے ہمیں پروٹین کے علاوہ وٹامن اے اور بی بھی ملتے ہیں۔ حاملہ خواتین کے لئے بھی انڈے بے حد مفید ہوتے ہیںاورچھوٹے بچوں کی نشونما میں بھی انڈوں کا اہم کردار ہے۔ انڈوں سے اسکن اور انکھوں کی روشنی پر بھی مثبت اثرات پڑتے ہیںاوردماغی صحت پر بھی انڈے کھانے سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ڈاکٹر منورحسین نے کہا کہ انڈہ سب سے سستا ترین پروٹین کی غذا ہے، اس میں جینیٹک انجینئرنگ بھی استعمال نہیں ہوتی۔ دنیا بھر میں مرغیوں کو زیادہ انڈوں کی افزائش کے لئے کوئی دوائی استعمال نہیں ہوتی۔ دن بھر میں ایک انڈا لینا صحت کے لئے مفید ہے۔ انڈے گردوں کے لئے بھی کافی مفیدہے اور اس میں میں وٹامن اے اور ای ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :