جامعہ سندھ جامشورو میں انٹر یونیورسٹی چیمپین شپ 2021-22ء کیلئے ہاکی و کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز 20 اکتوبر کو ہونگے

جمعہ 15 اکتوبر 2021 23:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) جامعہ سندھ جامشورو میں انٹر یونیورسٹی چیمپین شپ 2021-22ء کے لئے ہاکی و کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لئے ٹرائلز 20 اور 21 اکتوبر کو منعقد کئے جائیں گے جس میں جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں میں زیرتعلیم طلبہ حصہ لے سکتے ہیں، ڈائریکٹر اسپورٹس (بوائز) جامعہ سندھ اجوید احمد بھٹی کے مطابق انٹر یونیورسٹی چیمپین شپ 2021-22ء میں شمولیت کیلئے جامعہ سندھ کی بوائز ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جس کے لئے ٹرائلز لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہاکی میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان 20 اکتوبر کو صبح 10 بجے حیدر بخش جتوئی پویلین پہنچیں جہاں ان کے ٹرائلز منعقد ہوں گے، اسی طرح کرکٹر نوجوان 21 اکتوبر کو صبح 10 بجے جامعہ سندھ کے پی سی بی کرکٹ گرائونڈ میں پہنچیں جہاں ان کے ٹرائلز لئے جائیں گے، ڈائریکٹر اسپورٹس کے مطابق امیدوار ٹرائلز پر آتے وقت اپنا قومی شناختی کارڈ یا میٹرک کا سرٹیفکیٹ لازماً ہمراہ لائیں، ان کی عمر 25 سال سے زیادہ نہ ہو۔