کولیسٹرول کی دوا کووڈ سے کسی حد تک موت کا خطرہ کم کرنے میں مددگار

اسٹیٹنز کے استعمال سے کووڈ 19سے موت کا خطرہ کچھ حد تک کم ہوجاتا ہے،محققین

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 12:17

کولیسٹرول کی دوا کووڈ سے کسی حد تک موت کا خطرہ کم کرنے میں مددگار
سٹاک ہوم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے والی دوا اسٹیٹنزکا استعمال کرنے والے افراد میں کووڈ 19سے بیمار ہونے پر موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے کیلئے یہ دوا دنیا کی مقبول ترین ادویات میں سے ایک ہے جو خون کی شریانوں کا ورم بھی کم کرتی ہے، جس کے باعث ہی یہ خیال سامنے آیا تھا کہ یہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

سوئیڈن کے کیرولینیسکا انسٹیٹیوٹ کی اس تحقیق میں سوئیڈش رجسٹرز کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا جو مارچ سے نومبر 2020تک سٹاک ہوم کے 45سال سے زیادہ عمر کے 9لاکھ 63ہزار سے زیادہ شہریوں پر مشتمل تھا،نتائج کی بنیاد لوگوں کو تجویز کردہ ادویات، طبی سہولیات اور موت کی وجوہات کا دستیاب ڈیٹا تھی۔

(جاری ہے)

محققین نے بتایا کہ نتائج سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران دل کی شریانوں سے جڑے امراض اور خون میں چکنائی کی زیادہ مقدار کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اسٹیٹنز کا استعمال جاری رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ اور اس دوا کے درمیان تعلق کے حوالے سے کنٹرول ٹرائل کی ضرورت ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اسٹیٹنز کے استعمال سے کووڈ 19سے موت کا خطرہ کچھ حد تک کم ہوجاتا ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اسٹیٹنز سے کووڈ 19سے ہلاکت کے خطرے میں کسی حد تک کمی آتی ہے مگر اس تعلق کی تصدیق کے لیے کنٹرول ٹرائلز کی ضرورت ہوگی۔یہ تحقیق ایک پہلو سے محدود تھی جس میں ادویات کے تجویز کردہ ڈیٹا کو استعمال کیا گیا مگر لوگوں میں دوا کے استعمال کی شرح پر کام نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :