سعودی عرب کا اتوارسے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:12

سعودی عرب کا اتوارسے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) سعودی عرب نے کل اتوارسے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت اجتماعات کی اجازت دی جائے گی اور کورونا ویکسین کی دونو ں خوراکیں لگوانے والوں کے لیے ماسک پہننے کی کچھ پابندیاں ختم ہوں گی۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ کھلے مقامات پر کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کے لیے اب ماسک کی پابندی لازمی نہیں ہوگی تاہم ان بند مقامات میں ماسک کی پابندی کرنا ہوگی۔

حکام نے کہا کہ سماجی فاصلے کے ضوابط کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔ عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ، ریستوران، سنیما گھروں اور دیگر اجتماعات میں توکلنا ایپ کی پابندی کے ساتھ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے لوگوں کے لیے پوری گنجائش کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے حکام نے کہا کہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں پوری گنجائش کے مطابق زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی۔

ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرنے والے زائرین ماسک کی پابندی اورعمرہ ٹریکنگ ایپ استعمال کرتے ہوئے عمرہ ادا کرسکیں گے۔ کارکنوں کو بھی ماسک کی پابندی کرنا ہوگی۔شادی ہالوں میں ہونے والی تقاریب میں اب تعداد کی کوئی پابندی نہیں ہو گی تاہم اس میں شریک افراد کو ماسک سمیت باقی احتیاطی تداابیر پر عمل کرنا ہو گا۔