پٹرولیم کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے عوام کا حوصلہ جواب دے گیا ہے، شیخ الحدیث مولانا نورالحق

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیرشیخ الحدیث مولانا نورالحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید ترین تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے عوام کی ہمت اور حوصلہ جواب دے گیا ہے، ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی نے غریب ہی نہیں متوسط عوام کی بھی کمر توڑ دی ہے، پٹرول اور بجلی کی قیمت میں بار بار اضافہ کر کے اسے آسمانوں پر پہنچا دیا گیا جبکہ لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ،غریب آدمی کی آنکھیں ان کربناک حالات کو دیکھ کر پتھرائی ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام پہلے ہی بالواسطہ یا بلا واسطہ ٹیکسوں کی بھر مار کی زد میں ہے، ستم بالائے ستم بجلی کے ٹیرف، پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کے نرخوں میں بلا جواز ظالمانہ اضافے کے تسلسل نے رہی سہی کسر نکال دی ہے،مولانا نورالحق نے کہا کہ ہر دس دن بعد پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر قیامت بن کر ٹوٹتا ہے،مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ بجلی اور گیس کے بلوں نے تو غریبوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور حکمرانوں نے پٹرول بم گرا کر معصوم عوام سے جینے کی آخری امید بھی چھیننے کی کوشش کی ہے، عقل سے بے بہرہ، ادراک و شعور سے بیگانہ، ویثرن سے عاری صاحبان اختیار ایسے ایسے پلٹے مار رہے ہیں کہ انکی تراکیب انکی ہی تضحیک کا باعث بنتی جا رہی ہیں،قوم اہل لیڈروں سے محروم کرپٹ، چور، بے ضمیر، نااہل، ٹیکس چور اور قرضہ خور، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عنقریب قوم کو ان غلام، کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا دلا کر انکے غصب شدہ حقوق بازیاب کرائے گی۔