Live Updates

شہرقائد کو کسی صورت بھی کنکریٹ کا جنگل نہیں بننے دیں گے،ایازمیمن

ایس بی سی اے کے آشیرباد سے کراچی میں غیر قانونی ہائی رائز بلڈنگز بنائی جارہی ہیں، چیئرمین تاجر الائنس

اتوار 17 اکتوبر 2021 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) کراچی تاجر الانئس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ بڑھتا ہی جارہا ہے کسی بھی شہر میں اگر کہیں ہائی رائز بلڈنگز بنائی جاتی ہیں تو متعلقہ اداروں سے نقشہ پاس کروانا پڑتاہے اور اس نقشے میں بلڈنگز کے ساتھ ساتھ چالیس سے ساٹھ فٹ روڈز کی جگہ بھی چھوڑنی پڑتی ہے تا کہ گاڑیوں اور لوگوں کی آمدورفت کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو لیکن ایسا محسوس ہوتاہے کہ کراچی میں گنگا الٹی ہی بہتی ہے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے قدم دن بدن مضبوط ہورہے ہیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے ڈیفنس آفس سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والانے کہا کہ کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کرنے والی مافیا نے گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد، لسبیلہ، جمشید روڈ، گارڈن ایسٹ، گارڈن ویسٹ جیسے مہنگے ترین علاقوں کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا ہے اور ایس بی سی اے کی ملی بھگت سے ان علاقوں میں ہائی رائز غیرقانونی کمرشل بلڈنگز بنانی شروع کردی ہیں جبکہ قانون کے مطابق چالیس سے ساٹھ فٹ روڈز کی جگہ بھی یہ لوگ بلڈنگز کی چارد یواری میں گھیر رہے ہیں جو کہ نہایت غلط اور غیرقانونی عمل ہے، ایس بی سی اے کی مدد سے سڑکوں کی جگہ پر بھی بلڈنگز کی باونڈری وال بنائی جارہی ہے اور رشوت دیکر غیر قانونی تعمیرات کے نقشے پاس کروا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں توجہ دلانا چاہتا ہوں وزیراعظم عمران خان ، چیف جسٹس آف پاکستان، چیئر مین نیب اوروزیراعلیٰ سندھ کی کہ وہ کراچی میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کو روکنے کے لیئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں کیونکہ جس طرح یہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے لوگ جو مختلف علاقوں سے آکر کراچی میں دھڑا دھڑ کمرشل بلڈنگز اور رہائشی پلاٹوں پر بڑی بڑی بلڈنگز بنارہے ہیں اس کو اگر نہ روکا گیا تو بہت جلد کراچی کنکریٹ کے قبرستان میں تبدیل ہوجائیگا، انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کو انڈر ورلڈ مافیا کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے، اور وہ لوگ اپنے غیرقانونی پیسے کو استعمال کرتے ہوئے بلڈنگز بنواتے ہیں اور بعد میں عوام کو لوٹتے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ چیئر مین نیب بہت اچھا کا م کر رہے تھے اور تاجر الائنس مطالبہ کرتی ہے کہ چیئر مین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے تا کہ کرپشن، لوٹ مار اور دیگر وائٹ کالر جرائم کرنے والوں کا قلع قمع ہوسکے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات